پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں‌،بلاول بھٹو

0
34

اسلام آباد :پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں‌،بلاول بھٹو،اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کی قیادت خواہ کارکنان نے جمہوریت اور مضبوط پاکستان کی خاطر بدترین آمروں اور ان کی باقیات کی ہتھکنڈوں، دھمکیوں، تشدد، قید و بند اور ان کے نتیجے میں شہادتوں کا بڑے حوصلے سے سامنا کیا ہے۔

پارٹی کے 53 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوری جدوجہد کی معمار ہے اور بطور جمہوریت، انسانی حقوق اور مساوات کی علمبردار، پیپلز پارٹی عوام کی مرضی کے آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جانشین کی حیثیت سے وہ پارٹی کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ مل کر، پورے عزم و استقلال کے ساتھ اس مشن کو آگے بڑھانے کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس کے عظیم الشان جلسہ عام سے پہلے جیالوں کے خلاف دہونس دھمکیوں، گرفتاریوں اور جسمانی تشدد نے یہ ثابت کردیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت در حقیقت آمریت کا ایک جیتا جاگتا نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پانچ دہائیوں سے آمروں کے خلاف جنگ لڑی ہے اور لوگوں کی غیر متزلزل حمایت سے انہیں شکست سے ہمکنار بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سلیکڈ و کٹھ پتلیوں کا شکست کا مزہ چکھنے اور ہمیشہ کے لئے اپنے پیش روَں کی طرح سیاسی قبرستان میں دفن ہونے کی باری ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت نے کل ملتان میں یوم تاسیس کے جلسہ میں پی ڈی ایم کی پوری قیادت کو مدعو کیا ہے۔ ہر جمہوریت پسند کارکن سلیکٹڈ حکومت اور اس کے متعصبانہ انتظامیہ کے ہتھکنڈوں، تشدد اور گرفتاریوں کے باوجود پنڈال میں پہنچے گا۔

کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے باعث اس وقت قرنطینہ اختیار کرنے والے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آصفہ بھٹو زرداری ملتان کے عظیم الشان جلسہ عام میں میری نمائندگی کریں گی اور پی ڈی ایم کے تمام رہنماؤں کا استقبال کریں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی سابقہ قیادت کی جدوجہد کو اسی عزم و ولولے کے ساتھ جاری رکھے گی، کیونکہ ملک کی پسی ہوئی عوام کے لئے قربانیاں دینا وہ سبق ہے جو ہم نے اپنی اُس بہادر قیادت سے سیکھا ہے، جس نے اپنی جانوں کے نذرانہ تو پیش کردیئے لیکن اپنے مشن پر سمجھوتہ نہیں کیا

Leave a reply