مقبوضہ کشمیر:مجاہدین کو پناہ دینے والوں کی جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی:مسلمانوں کو دھمکیاں

0
76

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میںقابض بھارتی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مجاہدین کو پناہ دینے اور تحریک آزادی کی حمایت کرنے والے لوگوں کی املاک غیر قانونی سرگرمیوں کے کالے قانون ”یو اے پی اے“کے تحت ضبط کر لی جائیں گی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے مجاہدین کو پناہ دینے اور جاری تحریک آزادی کے حوالے سے اجلاسوں کے انعقاد کیلئے استعمال ہونے والے مکانات کو ضبط کرنے کا عمل سرینگر میں شروع کر دیا ہے۔

سری نگر کے ایس ایس پی راکیش بلوال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ جن مکانات میں فورسز اور مجاہدین کے درمیان تصادم ہو اور وہ مکانات جہاں عسکریت پسند پناہ لیں ضبط کرلیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ2020-2021 کے دوران سرینگر کے صورہ، پانتھ چوک، بٹ مالو، نوگام اورہروان اس طرح کے ایک درجن سے زیادہ مکانات کی نشاندہی کی گئی ۔

یہا ں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی فوجی پہلے ہی مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران گولہ باری اور بارودی مواد کے ذریعے مکانات اور دیگر املاک کو تباہ کررہے ہیں۔

ادھر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جموں خطے میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) اور جموںوکشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس (جے کے اے ایس) کے کئی حاضر اور سابق افسروں کے گھروں سمیت 11 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔

تین حاضر سروس اور متعددریٹائرڈ افسروں کے علاوہ کئی تاجروں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔حکام نے بتایا کہ نئی دہلی، چندی گڑھ اور جموں و کشمیر سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی 11 ٹیموں نے بیک وقت چھاپے مارے۔چھاپوں کے دوران کئی دستاویزات اور دیگر اشیاءضبط کر لی گئیں۔

Leave a reply