پی ایس ایل 6 : اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

0
29

کراچی :پی ایس ایل 6 : ملتان سلطانزکو3 وکٹوں سے اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست،اطلاعات کے مطابق پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 6 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے،جواب میں اسلام آباد نے 20 ویں اوور میں 151 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ملتان کی اننگز
ملتان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر کرس لین دوسرے ہی اوور میں 1 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار ہوگئے۔ان کے بعد جیمز وِنس اور کپتان رضوان نے قدرے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تاہم جیمس ونس 52 کے مجموعی اسکور پر 16 رنز بنا کر لوئس گریگوری کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد سلطانز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، روسو کے سوا، صہیب مقصود، اور خوشدل شاہ قابل ذکر کارکردگی دکھائے بغیر پویلین لوٹ گئے، تینوں نے بالترتیب 25 ،2 اور 7 رنز بنائے۔اس دوران محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ، انہوں نے 53 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی اور 140 کے مجموعی اسکور پر محمد وسیم کا شکار بنے۔ان کے بعد شاہد آفریدی کو بھی محمد وسیم نے پہلی ہی گیند پر آؤٹ کردیا، جب کہ سہیل تنویر بھی 4 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد کی جانب سے محمد وسیم نے 3، لوئس گریگوری نے 2 اور حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد کی اننگز
151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد نے محتاط انداز میں آغاز کیا، اس کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فل سالٹ تھے جو 13 رنز بنا کر 30 کے مجموعی اسکور پر محمد عمر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ان کے طبعد جلد ہی کپتان شاداب خان بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے صرف 5 رنز بنائے، ایلکس ہیلز اچھا کھیل رہے تھے تاہم انہیں شاہد آفریدی نے 29 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔ان کے بعد اسلام آباد کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، آصف علی، افتخار احمد، حسین طلعت اور فہم اشرف نے بالترتیب نو، ایک ،دس اور 22 رنز بنائے۔

اس موقع پر لوئس گریگوری نے شاندار اننگز کھیلی اور 31 گیندوں پر 49 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوادی اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سےکارلوس بریتھ ویٹ اور شاہد آفریدی نے 2،2 اور محمد عمر اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

گریگوری کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شاداب خان نے کہا کہ اس وکٹ پر ہم ملتان سلطانز کو 140 رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہم وکٹ کے مطابق اپنی بہترین ٹیم میدان میں اتاریں گے اور حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، رلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھویٹ، سہیل تنویر، محمد عمر، صہیب اللہ

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، الیکس ہیلز، فل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لیوس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر، محمد وسیم جونیئر

قبل ازیں پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو باآسانی 4 وکٹوں سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

Leave a reply