پی ٹی آئی کی حکومت نکمی اورحکومتی وزراء نابالغ اور کرپٹ ہیں,الطاف شکور

پی ٹی آئی کی حکومت نکمی اورحکومتی وزراء نابالغ اور کرپٹ ہیں:الطاف شکور
پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ایک نکمی حکومت ہے، حکومتی وزراء نابالغ اور کرپٹ ہیں۔ عمران خان جھوٹے وعدوں کے چیمپئن بن چکے ہیں، ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کا وعدہ کرنے کے بعد یوٹرن لے کر اس بات پر مہر تصدیق ثبت کر چکے ہیں۔ ان کی ٹیم کرپشن میں مصروف رہتی ہے اور پارٹ ٹائم حکومتی امور کو سر انجام دیتی ہے۔ ایک دن جس پارٹی پر بلا جواز یہ پابندی لگاتے ہیں اگلے دن ان کے ساتھ مذاکرات کے دور چلائے جاتے ہیں۔ حکومت نے جان بوجھ کر معاملے کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ٹی ایل پی نے ایسا کیا کر دیا ہے کہ شیخ رشید اسے دو دن میں تحلیل کرنے کی باتیں کر رہے ہیں؟ سعد رضوی کو زبردستی مجرم بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ حقائق عوام سے چھپائے جا رہے ہیں۔ حکومت نے حالات جان بوجھ کر خراب کئے، سعد رضوی کو اغوا کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔موجودہ صورت حال حکومت کی وجہ سے ہے، دونوں طرف گرنے والا لہو مسلمانوں کا ہے۔ انہوں نے بھونڈے طریقے سے معاملات کو ہینڈل کیا جو بیک فائر کر گیا۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کا مطالبہ ہے کہ حکومت سعد رضوی سمیت تمام گرفتار شدگان کو فوری طور پر رہا کرے۔ گرفتاریوں کو ظاہر کیا جائے اور تھانوں میں احتجاج کرنے والوں پر تشدد بند کیا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں موجودہ صورتحال پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ یہ حکومت منہ پہ رام رام اور بغل میں چھری کی بہترین مثال ہے۔ لال مسجد جیسے سانحے سے ہم نے کچھ نہیں سیکھا۔ اکڑی ہوئی گردنوں نے پاکستانی عوام پر براہ راست فائرنگ کرنے کا حکم دیا۔ مغربی طاقتوں کی ایما پر عوام پر گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔ انہیں طبی سہولیات نہیں دی جا رہی ہیں جس سے المناک اموات میں اضافہ ہوا۔ میڈیا پر حقائق چھپائے جا رہے ہیں۔ یک طرفہ پروپیگنڈہ مہم چلا کر حکومت معصوم نہ بنے۔ اس حکومت نے رمضان کے مقدس مہینے میں اپنے ہی لوگوں کے خون سے ہولی کھیلی ہے۔ عمران خان مکافات عمل کے لئے تیار ہو جائیں۔سیلانی والے بکرا کھلاتے ہیں۔ میڈیا پر بلیک آوٹ ہے۔ یک طرفہ رپورٹنگ ہو رہی ہے۔

Comments are closed.