پنجاب میں کابینہ کی تشکیل کا معاملےپر تاحال کوئی پیش رفت نہ ہو سکی.مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیئے، میاں نواز شریف نے پنجاب میں کابینہ کی تشکیل کیلئے پارٹی صدراور وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز، نائب صدر مریم نواز اور دیگر قائدین سے سفارشات لندن طلب کر لیں.
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے ساتھ پاور شیئرنگ فارمولے پر حتمی فیصلہ بھی نواز شریف ہی کریں گے.جنوبی پنجاب سے اویس لغاری سینیئر وزیر کے لئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ پیپزپارٹی پنجاب مین سینئر وزیر کی خواہشمند ہے،مسلم لیگ لاہور سے تعلق رکھنے والی آٹھ ایم پی ایز کے نام وزارت کیلئے شامل کئے گئے ہیں.
لاہور کے ایم پی ایز میں مخصوص نشستوں کی خواتین بھی شامل ہیں .حمزہ شہباز کی جانب سے عنیزہ فاطمہ جبکہ مریم نواز نے حنا پرویز بٹ اور ثانیہ عاشق کو نامزد کیا گیا.ذرائع کے مطابق ن لیگ کی وزارتوں کے لئے تجویز کردہ ناموں میں میاں مجتبہ شجاع الرحمان ، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ، رانا مشہود، عظمی بخاری، بلال یاسین ، سیف الملوک کھوکھر ، عطاء اللہ تارڑ کے نام شامل ہیں.
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے تمام سفارشات پر غور کر لیا ہے اور ایک دو روز میں پنجاب کابینہ کی حتمی منظوری دے دی جائے گی. مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن میں مقیم سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ پنجاب کابینہ کی تشکیل کیلئے حتمی مشاورت کریں گے.