مسلم لیگ (ن) کے باغی رکن پنجاب اسمبلی فیصل خان نیازی نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ن لیگ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے ن لیگ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جنہیں بعد ازاں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا جب کہ ان ارکان میں مولانا غیاث الدین بھی شامل تھے۔
مسلم لیگ (ن) نے ان ارکان کو پارٹی سے نکال دیا تھا اور آج یہ ارکان پنجاب اسمبلی پہنچے تو دیگر لیگی ارکان اسمبلی نے ان کا گھیراؤ کیا اور ایوان میں داخل ہونے نہیں دیا۔واضح رہے کہ محمد فیصل خان نیازی پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 209 خانیوال سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے کہا ہے کہ سپیکر چودھری پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد دوبارہ جمع کرا دی گئی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ پرویز الہٰی کے اوچھے ہتکھنڈے اب نہیں چلیں گے، سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستان میں استحکام نہ آئے، 2 ماہ سے پنجاب میں مکروہ کھیل کھیلا جا رہا ہے، یہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟ ملک کو کیوں چلنے نہیں دے رہے، یہ چاہتے تھے کہ پنجاب معاشی طور پر دیوالیہ ہوجائے، عوام کو سستے آٹے اور چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔