قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ،امام مہدی اور فتنۂ دجال…!!!قسط:4 تحریر ؛ جویریہ چوہدری

0
69

قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ،امام مہدی اور فتنۂ دجال…!!![قسط:4]

قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ کافر طاقتیں مسلمانوں پر ٹوٹ پڑیں گی،مسلمان تعداد میں کم بھی نہیں ہوں گے،وسائل کی کمی بھی نہیں ہوگی لیکن حیثیت جھاگ کی طرح ہو جائے گی جسے طوفانی لہریں بہا لے جائیں…
لیکن ایسا کب ہو گا؟
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"جب ان میں وہن کی بیماری آ جائے گی…
پوچھا گیا یا رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم !!!
وہن کیا ہے ؟
آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
دنیا سے محبت اور موت سے نفرت…”
(ابو داؤد)
جب یہ صورتحال پیدا ہو گی تو کافر طاقتیں مسلمانوں پر ایسے ٹوٹ پڑیں گی جیسے بھوکے دستر خوان پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔

قیامت کی صغریٰ نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ لوگ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر چھوڑ بیٹھیں گے…(ابنِ ماجہ_کتاب الفتن)
آج اس فریضہ سے غفلت کا عالم یہ ہے کہ ایک گھر میں بھی کوئی کسی کو اچھی بات کا کہہ دے،بری بات سے منع کر دے تو فوراً پرسنل چوائس کا جواب حاضر ہوتا ہے یا میری راہ میری مرضی کا کلیہ سبھی کو ازبر ہوتا ہے وغیرہ…
لیکن جہاں ہر انسان اپنے اچھے،برے راستے کو اختیار کرنے میں آزاد ہے وہیں اپنی رعیت کے بارے میں جوابدہ بھی جس سے وہ کم از کم امر بالمعروف و نہی عن المنکر کر کے عہدہ برآ ہو سکتا ہے…
حاکم اپنی رعایا کے بارے میں
مرد اپنے اہل و عیال کے بارے میں
عورت اپنے گھر شوہر اور بچوں کے بارے میں جوابدہ ہے…
فکلکم راعِِ و کلکم مسئولٌ عن رعیتہ(صحیح بخاری)
"پس تم میں سے ہر ایک نگران ہے اور تم میں سے ہر ایک سے اس کی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا…”

قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ مردوں کی قلت ہو جائے گی اور عورتوں کی کثرت ہو گی…
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"قیامت کی نشانیوں میں سے ہے
علم کا اُٹھ جانا،جہالت کا پھیل جانا،بدکاری کی کثرت،شراب پینے کی کثرت،مردوں کی کمی اور عورتوں کی کثرت یہاں تک کہ پچاس پچاس عورتوں کو سنبھالنے والا ایک نگران ہو گا…”(صحیح بخاری)۔

قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ مسلمان کا خواب جھوٹا نہیں ہو گا۔۔۔
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"جب قیامت کا وقت قریب آ لگے گا تو مسلمان کا خواب بالکل جھوٹ نہ ہو گا…(صحیح بخاری_کتاب التعبیر)۔
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"نبوت کے حصوں میں سے کچھ باقی نہ رہے گا مگر بشارتیں رہ جائیں گی…!!!
لوگوں نے عرض کی یا رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم !
خوش خبریاں کیا ہیں؟
فرمایا:
الرُّؤیَا الصَّالِحَۃُ…اچھے خواب…”

(جاری ہے…)

قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ ،امام مہدی،اور فتنۂ دجال_!!![قسط:1]—–از—جویریہ چوہدری

قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ،امام مہدی اور فتنۂ دجال__!!![قسط:2]—–از—جویریہ چوہدری

قیامت کی علاماتِ صغریٰ،کبریٰ،امام مہدی اور فتنۂ دجال قسط:3 تحریر ؛جویریہ چوہدری

Leave a reply