نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، قومی کرکٹ سکواڈ کا اعلان متوقع

0
167
pcb

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کے قومی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان اگلے ایک دو روز میں کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

اس ضمن میں مشاورت کا عمل جاری ہے، کپتان بابر اعظم اور قومی سلیکٹرز کے مابین مشاورت ہوئی ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بھی گزشتہ روز کپتان اور سلیکٹرز سے ملاقات ہوئی ہے، ہوم سیریز کی وجہ سے 18 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیے جانے کی تجویز ہے

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے زیر غور کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم،شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عما د وسیم، محمد عامر،اسامہ میر، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، صائم ایوب، محمد رضوان، صاحبزادہ فرحان شامل ہیں، زمان خان، عثمان خان ، وسیم جونیئر، عرفان نیازی اور عباس آفریدی کے نام بھی زیرِ غور ہیں۔

رواں ماہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے، سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہو گا،

قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کاکول کیمپ کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی جانب سے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کے لیے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا، اس دورے کا مقصد تربیتی کیمپ کے بارے میں جائزہ لینےکے ساتھ ساتھ کیمپ کے انعقاد میں پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا، فٹنس کیمپ پاکستان کے کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس کے لیے بہترین حالت میں ہوں جس میں اس سال جون میں ہونے والا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی شامل ہے۔

کھلاڑیوں سے ملاقات کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی،ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے،چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈکوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا،

Leave a reply