ڈیرہ غازی خان ۔ کوہ سلیمان پر پھر بارش،پہاڑی نالے بےقابو ہونے لگے،ایک جاں بحق،آبادیوں کوشدید خطرہ

ڈیرہ غازی خان۔کوہ سلیمان پر پھر بارش،پہاڑی نالے بے قابوہونے لگے،ایک جاں بحق،آبادیوں کوشدیدخطرہ ،ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ پولیس کو الرٹ کر دیا گیا.
باغی ٹی وی رپورٹ۔ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان پرایک بار پھرموسلادھار بارش سے پہاڑی ندی نالے بے قابو ہونے لگے ،آبادیوں کوشدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے مقامی ذرائع کے مطابق کوہ سلیمان تمن بزدار میں میرخان بنگانی ہنگلون کچھ میں برساتی نالے میں اپنے بچوں کو بچاتے ہوئے خودپانی کی تیزلہروں کی نذر ہو گیا۔

اس وقت سنگھڑ ندی میں تاریخ کا سب سے بڑا پانی کاریلا آ رہا ہے جس سے سوکڑ ،مندرانی ،بغلانی و دیگر آبادیوں کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے ،اب تک کی اطلاعات کے مطابق سنگھڑ ، زندہ پیر،سوری لنڈ ، وڈور ، کاہا ، رونگھن ، مٹھاون ندیوں میں طغیانی ہے اور اطراف کی تمام ذیلی شاخوں میں بھی طغیانی ہے، کوہ سلیمان میں بارش ندی نالوں میں طغیانی فورٹ منرو،مبارکی اوریک بئی کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، اُدھرمبارکی کے علاقہ مٹ چانڈیہ میں ندی نالوں کا پانی لوگوں کی زمینوں اور گھروں میں داخل ہو گیاہے۔کوہ سلیمان سے ملحق بلوچستان کے علاقہ وادی رڑکن میں صبح 5 بجے سے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، ندی نالوں میں طغیانی سے سیلابی صورت حال پیدا ہو چکی ہے، مکان گرنے کی اطلاع بھی ہیں۔


اِدھرڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ پھر سے شروع ہونے پر ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار سمیت تمام ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں الرٹ ہوگئی ہے،رود کوہیوں میں طغیانی سے ڈی جی خان میں الرٹ وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے پانی کی آنے پر لوہار والا،بستی گل محمد چانڈیہ کا دورہ کیا،انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر صدر شکیب سرور،محکمہ انہار اور متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔محمد انور بریار نے ریسکیو 1122 کی ریسکیو ٹیموں سے ملاقاتیں بھی کیں۔انہوں نے کہا کہ رود کوہیوں میں طغیانی کے باعث تمام ادارے الرٹ ہیں،تمام متعلقہ افسران،مشینری فیلڈ میں متحرک ہے،مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کاعمل شروع کردیا گیا ہے،محمد انور بریار نے کہا کہ پہلے کی طرح اب بھی سیلابی پانی سے کامیابی کیساتھ نمٹیں گے،لوگ قدرتی آفت سے نہ گھبرائیں،خود کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں،ہم نکاسی آب کیلئے منظم انداز میں کام کریں گے،مزید بارشوں کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ بھی محتاط ہے،حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ریلیف کے کام شروع کررہے ہیں۔

سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈی پی او محمد علی وسیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ پولیس کو الرٹ کر دیا گیا۔ڈی پی او محمد علی وسیم نے سرکل آفیسران اور ایس ایچ اوز ضلع ہذا کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ موسلا دھار بارشوں سے رود کہیوں اور نہروں وغیرہ میں طغیانی کی وجہ سے عوام الناس کو محفوظ مقامات پر جانے کا بتائیں۔خاص طور پر دیہی علاقوں میں فلڈ آ سکتا ہے اس ایمر جنسی کے تحت سرکل آفیسران اور ایس ایچ او اپنے اپنے علاقوں میں سروے کریں۔اپنے اپنے علاقے میں رہنے والی عوام الناس کو فلڈ سے محتاط رہنے کی ہدایت کریں۔فلڈ آنے کی صورت میں رہائشی بستی میں عوام الناس کی مدد کو یقینی بنائیں۔عوام الناس کو اطلاع دی جاتی ہے کہ ایمر جنسی کی صورت میں 15 یا اپنے متعلقہ تھانہ یا پھر 0649260113 پر اطلاع دیں۔

Leave a reply