لالی ووڈ اداکارہ رانی کو دنیا سے رخصت ہوئے 28 برس ہو گئے

0
42
لالی ووڈ اداکارہ رانی کو دنیا سے رخصت ہوئے 28 برس ہو گئے

لالی ووڈ اداکارہ رانی کو دنیا سے رخصت ہوئے 28 برس ہو گئے-

باغی ٹی وی : اداکارہ رانی 8 دسمبر 1946ء کو ملک محمد شفیع اور اقبال بیگم کے گھر لاہور میں پیداہوئیں رانی کا اصل نام ناصرہ تھا،ہدایتکار انور کمال پاشانے ناصرہ کو ’رانی‘ کے نام سے 1962ء میں اپنی فلم ’محبوب‘ میں متعارف کرایا۔

اداکارہ رانی کو بھی پہلے پہل ناکامی کا منہ کئی بار دیکھنا پڑا یکے بعد دیگرے ان کی 10 فلمیں بری طرح ناکام ہوئیں مگروحید مراد ان کے لیے خوش قسمت ثابت ہوئے اور 1967ء میں ہدایتکار حسن طارق کی فلم ’دیور بھابی‘ کی کامیابی کے بعد رانی کی قسمت کا ستارہ چمک اٹھا۔

اس فلم کا گیت ’اے رات بتا کیا ان سے کہے‘ بہت مقبول ہوا۔ اس سے اگلے سال ہی ان کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’بہن بھائی‘ ریلیز ہوئی جو سپرہٹ ثابت ہوئی، اس کے گیت جیسے ’ہیلو ہیلو مسٹر عبد الغنی‘ نے تو مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے تھے۔

تاہم رانی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچانے والی فلم ’انجمن‘ تھی جو 1970ءمیں ریلیز ہوئی اس فلم کے تمام گیت انتہائی معروف ہوئے بعد ازاں ان کی فلم ’تہذیب‘ ریلیز ہوئی اور ان کی زندگی کی سب سے ہٹ فلم ’امراؤ جان‘ ادا تھی اس فلم کے گیتوں نے بھی تہلکہ مچایا-

اس کے بعد رانی نے یکے بعد دیگرے کئی سُپرہٹ فلمیں کیں جن میں ’ایک گناہ اور سہی‘، ’بہارو پھول برساؤ‘، ’ناگ منی‘ اور ’ثریا بھوپالی‘ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

اردو کے ساتھ ساتھ رانی نے پنجابی فلموں میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی۔ جن میں ’چن مکھناں‘ سب سے نمایاں تھی، جس کا گیت ’چن میرے مکھناں‘ آج تک مقبول ہے۔

رانی نے پاکستانی فلم انڈسٹر ی پر طویل عرصہ تک تنہا راج کیا، انھوں نے وحیدمراد ، محمد علی، شاہد، ندیم، رنگیلا، منور ظریف سمیت کئی اداکاروں کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا-

اداکارہ رانی نے تین شادیاں کیں انہوں نے پہلی شادی نوجوان ڈائریکٹر حسن طارق سے کی جس سے ان کی ایک بیٹی رابعہ ہے تاہم بعد ازاں کچھ وجوہات کی بنا پر ان کی طلاق ہو گئی دوسری شادی انہوں نے فلم پروڈیوسر میاں جاوید قمر سے کی انہوں نے رانی کو کینسر تشخیص ہونے کے بعد طلاق دے دی-

جس کے بعد اداکارہ لند ن علاج کے لئے گئیں وہاں دوران علاج ان کی ملاقات مشہور کرکٹر سرفراز نواز سے ہوئی اور انہوں نے شادی کر لی لیکن ان کا بھی رشتہ زیادہ دیر نہیں چل سکا اور دونوں میں علیحدگی ہو گئی-

لیکن ازدواجی زندگی کے سکون سے محروم رہیں جس کا انہیں ہمیشہ افسوس رہا رانی کو کینسر جیسا جان لیوا مرض لاحق تھا،جس کے باعث وہ27 مئی 1993 کو 46 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔

Leave a reply