لاہور: جعلی پولیس کا روپ دھار کر تاجروں سے پیسے بٹورنے والے دو سگے بھائی اصلی پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مصری شاہ انویسٹی گیشن پولیس نے 2 نوسربازوں توقیر اور شعیب کو گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں، جو خود کو پولیس اہل کار ظاہر کرکے تاجروں اور دکان داروں سے پیسے بٹورتے تھے۔

پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے ملزمان کے قبضے سے گاڑی، پولیس کارڈ اور یونیفارم برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزمان نے دوران تفتیش 40 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کرلیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن سٹی عثمان ٹیپو نے کہا ہے کہ پولیس کی وردی کا تقدس پامال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے۔

ادھرصوبائی دارالحکومت کے علاقے فیصل ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے منشیات کے غیر ملکی ڈیلر کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے فیصل ٹاؤن فلیٹس میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کا غیر ملکی ڈیلر گرفتار کرلیا۔ منشیات فروش جواد اڈوکا کا تعلق مغربی افریقا سے بتایا جاتا ہے، جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔

پولیس نے ملزم سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے قبضے میں لے لی اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

Shares: