دہڑکی ٹرین حادثے کے مقام پر ریلیف آپریشن مکمل کر لیا گیا-
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار انجن اور 17 کوچز اٹھا لی گئیں، جبکہ ٹرینیں بحال کر دی گئیں۔
ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف کے مطابق 29 گھنٹے بعد ریلوے ٹریک پر ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے تاہم متاثرہ ٹریک پر فی الحال ٹرینوں کی اسپیڈ کم رکھی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے ٹریک پیر کی صبح 3 بج کر 40 منٹ پر بند ہوا تھا، جو 29 گھنٹوں کے تعطل کے بعد بحال ہوا ہے اتوار سے رکی ٹرینیں اب منزل مقصود کی طرف چلنا شروع ہو گئی ہیں حادثے کی وجہ سے 35 مسافر ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق زکریا ایکسپریس حادثے کے مقام پر پہنچ گئی،جسے کچھ دیر میں ٹریک سے گزارا جائے گا، جبکہ متاثرہ ڈاؤن ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اب ٹریک کو فٹ کیا جارہا ہے جیسے ہی ٹریک کا کام مکمل ہو جائے گا تو ٹرینوں کی روانگی شروع ہو جائے گی –
ترجمان ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے اپنے مسافروں سے معذرت خواہ ہے کہ انہیں حادثے کے باعث پریشانی اٹھانا پڑی-
واضح رہے کہ ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو چکی ہے، جبکہ سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں-
کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا
ڈہرکی ٹرین حادثہ: 3 گھنٹے تک ٹریک بحال کر دیا جائے گا ریلوے حکام