وزیراعظم شہباز شریف نے چارسدہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا
وزیراعظم کو سیلاب اور بارش سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی گئی،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے وفاق نے 28ارب روپے فراہم کر دیئے ہیں،25،25ہزار روپے سیلاب متاثرین کو فراہم کئے جا رہے ہیں، 3 ستمبر تک سیلاب متاثرین کی مدد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے دورے کئے،سیلاب نے بڑی تباہی پھیلائی ہے، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہیں، آپ لوگوں کو بہت تکلیف پہنچی، بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،مجھے بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں 242 لوگ جاں بحق ہوئے،جو لوگ جاں بحق ہوئے ہیں ان کو 10، 10لاکھ روپے فراہم کر رہے ہیں جب تک آپ اپنے گھروں میں آباد نہیں ہوتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، آپ فکر نہ کریں ، ہم سب ملکر اس مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے،
وزیراعظم شہبازشریف کی سیلاب متاثرین کیلئے قائم کیمپس میں آمد ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے مسائل سنے، حل کرنے کی یقین دہانی کروائی،وزیراعظم شہباز شریف نے کیمپ میں فراہم سہولیات کا جائزہ لیا ،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں،مایوس نہیں کریں گے،مشکل کی اس گھڑی میں وفاق خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ہے،
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمند ڈیم کو سیلاب سے نقصان کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ پر کام مقررہ وقت میں مکمل ہونا چاہئےنیلم جہلم میں بھی چند ماہ پہلے حادثہ ہو چکا ہے آئندہ اس کی روک تھام کرنا ہو گی، ہماری معیشت مہنگی بجلی پیدا کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی ایندھن کی درآمد پر سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرکے سبسڈی دینے سے خزانہ پر بوجھ پڑتا ہےپانی، ہوا اور سورج کی روشنی سے سستی بجلی پیدا کرنا ہو گی ،اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی انجینئر امیر مقام اور جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا عطاء الرحمن بھی موجود تھے۔