سابق صدر ممنون حسین چل بسے ، انا للہ و انا الیہ راجعون
باغی ٹی وی : سابق صدر ممنون حسین وفات پاگئے ،سابق صدر کے بیٹے ارسلان ممنون نے ان کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ والد کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور آج خالق حقیقی سے جاملے۔
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کا اظہار کیا ہے .صدر عارف علوی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سابق صدر مملکت ممنون حسین کی وفات پر گہرے دُکھ اور غم کا اظہار کیا
ان کا کہنا تھا کہ مرحوم صدر مملکت کی سیاسی وسماجی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔
دُکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ پاک سابق صدر ممنون حسین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ اللہ لواحقین کو صبر جمیل اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی سابق صدر پاکستان ممنون حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کی ملک کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا۔
ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے.ممنون حسین 2013 سے 2018 تک پاکستان کے صدر رہے
ان کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔سابق صدر ممنون حسین پاکستان کے بارہویں صدر کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں
ممنون حسین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے صدارتی منصب کے انتخاب میں حصہ لیا تھا. ممنون حسین 1940ء میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے تھے
قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان نقل مکانی کرکے پاکستان آ گیا تھا. سابق صدر ممنون حسین نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے گریجویشن کی تھی
ممنون حسین مسلم لیگ سندھ کے قائم مقام صدر سمیت دیگر عہدوں پر فائز رہے۔ ممنون حسین 1997 میں سندھ کے وزیر اعلیٰ لیاقت جتوئی کے مشیر رہے،
1999 میں انہیں گورنر مقرر کیا گیا تھا چھ ماہ بعد میاں نواز شریف کی حکومت کا تخہ الٹ گیا تھا۔