بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے عہدے کا حلف اٹھالیا

تقریب حلف برداری میں شرکا کیلئے کرسیاں کم پڑ گئیں اور بہت سے شرکا تقریب کے دوران کھڑے رہے۔
0
153

کوئٹہ: بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

باغی ٹی وی : نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، اراکین صوبائی و قومی اسمبلی اور مختلف شعبوں سے افراد اور عمائدین شریک ہوئے۔

گورنر ملک عبدالولی کاکڑ نے ان سے حلف لیا،حلف اٹھانے کے بعد سرفراز بگٹی نے جئے بھٹو کا نعرہ لگایا،حلف لینے کےبعد گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے نومنتخب وزیراعلی کو مبارکباد دی، تقریب میں جئے بھٹواورچاروں صوبوں کی زنجیر بے نظیر کے نعرے لگائے جاتے رہے۔

قبل ازیں بلوچستان اسمبلی میں وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو گورننس اور دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں گورننس کے چیلنجز کو قبول کر کے ان کا مقابلہ کرنا ہے، ایجوکیشن سیکٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، سکولوں کو فعال کریں گے، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ سے صحت کے شعبے میں بہتری لائیں گے-

ان کا کہنا تھا کہ ڈویژنل سطح پر سندھ جیسے ہسپتال قائم کرنے کی کوشش کریں گے، مل جل کر بلوچستان میں گورننس کے بحران کو حل کرنے کی کوشش کریں گے،بندوق کے زور پر کوئی کسی کو انصاف فراہم نہیں کر سکتا، آج کے بعد بلوچستان میں نوکریاں نہیں بیچی جائیں گی، میرٹ پر دیں گے، آج یا کل گوادر کی گلیوں سے پانی نکالنے پر کام شروع ہو گا، صوبے کے انفراسٹکچر کی ذمہ داری ہماری ہے، بلوچستان کے عوام کو مکمل روڈ میپ دیں گے

Leave a reply