درجنوں مسافروں میں کرونا کی تشخیص، سعودی عرب اور عراق سے آنے والے مسافروں کو کراچی پہنچتے ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا- تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور عراق سے آنے والے 19 مسافروں میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ سے سعودی ایئرلائن کے ذریعے کراچی پہنچنے والے مسافروں میں سے 18 کے کرونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔
اسی طرح عراق سے آنے والی پرواز میں سوار ایک مسافر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق عراق اور سعودی عرب سے آنے والے مسافروں میں سے مجموعی طور پر 19 کو کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ کرونا پازیٹیو مسافروں کو ایئرپورٹ سے سیدھا سندھ گورنمنٹ اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اُن کا ایک ہفتے بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ این سی او سی نے اربعین کے لیے عراق جانے والے مسافروں کے حوالے سے ایس او پیز جاری کیے، جس کے تحت انہیں پاکستان پہنچنے کے بعد ایک روز قرنطینہ لازمی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے بھی کم ہوگئی ، ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 19 افراد جاں بحق ہوگئے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 106 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 40 ہزار 584 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جہاں ملک بھر میں مزید767 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح 1.88 فیصد رہی۔

سعودی عرب اور عراق سے آنے والے مسافر کراچی پہنچتے ہی اسپتال منتقل
Shares: