شیخوپورہ: پولیس نے کم وسائل کے باوجود مسلسل جدوجہدسے کئی بین الصوبائی ڈکیت اور قاتل پکڑے۔ ڈاکٹر عبدالحنان

شیخوپورہ: پولیس نے کم وسائل کے باوجود مسلسل جدوجہدسے کئی بین الصوبائی ڈکیت اور قاتل پکڑے۔ ڈاکٹر عبدالحنان
باغی ٹی وی: شیخوپورہ (محمد طلال سے) تحصیل مریدکے میں آئے روزجرائم کی اطلاعات جہاں مقامی آبادی میں عدم تحفظ اور بداعتمادی کو جنم دیتی ہیں وہیں پر مقامی پولیس کی کارکردگی اور تھانوں وناکوں پر شہریوں کے ساتھ اِس کے حسن سلوک بارے سوالات بھی اٹھتے رہتے ہیں۔ تاہم ساری حقیقت یہی نہیں۔ اس کے علاوہ بھی حقیقتیں ہیں جیسا کہ پولیس میں ضروری افرادی قوت کی عدم دستیابی، وسائل و ٹیکنالوجی تک عدم رسائی، جا و بے جا سیاسی مداخلت وغیرہ۔ تمام تر مسائل و چیلنجز کے باوجود پچھلے کم و بیش چھ ماہ کے دوران مقامی پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو بلاشبہ امید ،رجائیت اور تحسین کے کئی پہلو سامنے آتے ہیں۔ اس امر کی ایک مثال گزشتہ روز اے ایس پی مریدکے ڈاکٹر عبدالحنان کی پریس کانفرنس بنی جس میں تمام تر تفصیلات کے ساتھ انکشاف کیا گیا کہ سرکل پولیس نے گزشتہ تقریباً چھ ماہ کے دوران خطرناک وارداتوں میں ملوث پچیس گینگز گرفتار کیے، تین اندھے قتلوں کا بھی سراغ لگایا گیا۔ مریدکے سٹی،تھانہ صدر اور نارنگ تھانہ میں جرائم پیشہ افراد سے مجموعی طور پر دو کروڑ بیالیس لاکھ اکسٹھ ہزار روپے برآمدگی کی گئی۔ چند روز پہلے مین جی ٹی روڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے کے سامنے ہوئی سترہ لاکھ روپے ڈکیتی کے ملزم بھی پکڑ ے گئے اور ان سے تمام کی تمام نقدی برآمد کر لی گئی۔ تحصیل کمپلیکس مریدکے میں منعقد ہوئی پریس کانفرنس میں اے ایس پی ڈاکٹر عبدالحنان، ایس ایچ او تھانہ سٹی مریدکے شاہ زمان، ایس ایچ او تھانہ صدر ولی حسن پاشا، ایس ایچ او نارنگ سمیت وارداتوں کے متاثرین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عدالحنان نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ مقامی پولیس نے کم وسائل کے باوجود مسلسل جدوجہدسے کئی بین الصوبائی ڈکیت اور قاتل پکڑے۔ علاقہ کے اندر وارداتوں میں ملوث زیادہ بڑے گینگز کے بیشتر اراکین کا تعلق باہر کے شہروں سے ہے تاہم ان کے مقامی سہولت کار جویہاں موجود تھے۔ ان کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ سٹی پولیس نے مجموعی طور پر 91 لاکھ 36 ہزار روپے کی ریکوری کی جس میں 31 لاکھ کے چاول، چھینی گئی پک اپ، چالیس لاکھ نقدی، سندھ سے چوری شدہ ہنڈا سٹی بھی برآمد کی گئی۔ صدر پولیس نے بشارت، وکی، بابری، بلالی، عصمت اللہ،شبیرا، وسیمی ڈکیت گینگ وغیرہ پکڑے۔ اور تقریباً سوا کروڑ روپے کا سونا، نقدی، موبائلز ،گاڑیاں وغیرہ برآمد کر کے مالکان کے حوالے کیں۔ ٹپیالہ دوست محمد اور کٹھیالہ ورکاں کے اندھے قتل ٹریس کیے۔ اسی طرح نارنگ پولیس نے تقریباً 30 لاکھ روپے کی نقدی، گاڑیاں و دیگر سامان برآمد کیا۔ اطلاعات کے مطابق ریکور کی گئی نقدی و سامان کا بیشتر حصہ مختلف وارداتوں کے متاثرین کو واپس کیا جا چکا۔ مزید کی واپسی کا قانونی عمل جاری ہے۔ بلاشبہ مقامی پولیس کی یہ کارکردگی اور اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں تاہم ابھی بھی بے شمار وارداتوں کے متاثرین اس انتظار میں ہیں کہ ان سے ہوئی وارداتوں کے ذمہ دار افراد بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ قانون کے رکھوالوں کی ہر محاذ پر مدد کرے تاکہ متاثریں کے یہ جائز مطالبات بھی جلد اپنی تعبیر کو پہنچیں۔

Leave a reply