شاعر مشرق کا یوم پیدائش، مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب،اہم شخصیات کی مزار آمد

0
44

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاعر مشرق مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا آج 143 واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، ان کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی تقریب میں اسٹیشن کمانڈر کموڈور محمد نعمت اللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے بعد پریڈ کا آغاز کیا گیا۔ نئے تعینات ہونے والے دستے نے علامہ اقبال کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے  نے مزارِ اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
اس سے پہلے یہ ذمہ داری پاکستان رینجرز کے پاس تھی۔

علامہ محمد اقبال کایوم پیدائش،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزاراقبال پرحاضری دی،اورپھول چڑھائے ،صوبائی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان بھی وزیراعلیٰ کےہمراہ تھیں

ڈاکٹر محمد اقبال نے 9 نومبر 1877 کو اقبال منزل میں آنکھ کھولی، بچپن اس آنگن میں گزارا، اقبال منزل کی در ودیوار سے انکی یادیں وابستہ ہیں۔ علامہ اقبال کے زیر استعمال رہنے والی اشیا اور ان کی لکھی تصانیف اقبال منزل کی زینت بنی ہوئی ہیں، سو سالہ قدیمی یہ قومی ورثہ تاریخ سموئےاپنی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔دنیا بھر سے آئے سیاح اقبال منزل میں آ کر اقبال کی زیر استعمال اشیا دیکھ کرروحانی سکون حاصل کرتے ہیں

علامہ اقبال کے شعری مجموعوں میں بانگ درا، ضرب کلیم، بال جبرئیل، اسرار خودی، رموز بے خودی، پیام مشرق، زبور عجم، جاوید نامہ، پس چے چہ باید کرد اے اقوام شرق اور ارمغان حجاز کے نام شامل ہیں۔

علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے اور خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کوخراج تحسین پیش کرنے کےلیے پاک فضائیہ ایک خاص کلام پیش کرے گی

Leave a reply