شمالی کوریا نے جنوبی کوریا سے تمام رابطے ختم کرنے کا اعلان کردیا

0
61

شمالی کوریا نے جنوبی کوریا سے تمام رابطے ختم کرنے کا اعلان کردیا

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق : شمالی کوریا کے سربراہ نے اپنے سخت ترین حریف جنوبی کوریا سے تمام مواصلاتی رابطے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ملک سے کسی بھی سطح پر کسی بھی قسم کا رابطہ نہیں رکھنا چاہتے۔ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ہاٹ لائن رابطے کو معطل اور سرحدی شہر کیوسانگ میں رابطے کا دفتر بھی بند کردیا گیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان ہاٹ لائن پر روزانہ صبح 9 اور شام 5 بجے فون کالز کی جاتی ہیں تاہم 21 ماہ بعد یہ پہلا موقع تھا جب جنوبی کوریا کو صبح 9 بجے کی کال کا جواب نہیں دیا گیا تاہم بعد میں شمالی کوریا نے سہ پہر کو رابطہ کرکے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہان کے درمیان 65 سال بعد تاریخی ملاقات ، اہم فیصلے

ملکی معاملات کو تیزی سے اپنی گرفت میں لینے والی کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ نے ایک ہفتے قبل دھمکی آمیز بیان میں کہا تھا کہ جنوبی کوریا مفرور گروپوں کے پمفلٹ شمالی کوریا میں بھیجنا نہیں روکتا تب تک رابطہ دفاتر کو بند رکھا جائے گا۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے بھی جنوبی کوریا سے ہر قسم کے مواصلاتی رابطے ختم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کا کہناہے کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کسی بھی مسئلے پر جنوبی کوریا کی انتظامیہ کے ساتھ بیٹھنے اور بات چیت کرنے کی ضرورت نہیں کیوں کہ ان لوگوں نے ہمیشہ ہمیں مایوس کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے یہ اقدام جنوبی کوریا کی جانب سے مبینہ طور پر شمالی کوریا میں لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسانے کے لیے پروپیگنڈا پمفلٹس بھجوانے پر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کوریائی جنگ کے بعد سے علیحدہ ہونے والے شمالی و جنوبی کوریا اب تک حالت جنگ میں ہیں تاہم 2018 میں دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان سرحدی علاقے میں تاریخی ملاقات کے بعد حالات نارمل ہونے کی امید کی جارہی تھی اور روابط کو برقرار رکھنے کے لیے ایک رابطہ دفتر بھی قائم کیا گیا تھا۔

Leave a reply