سیالکوٹ : ڈاکوؤں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، ایک ڈاکو ہلاک، دو فرار
سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ کے تھانہ بمبانوالہ کی پولیس پارٹی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک اور دو ڈاکو فرار ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سرکل ڈسکہ کے تھانہ بمبانوالہ کو کنٹرول 15 پر کال موصول ہوئی کہ شہری خالد محمود کے ساتھ تین ڈاکوؤں نے واردات کی ہے اور نقدی، شناختی کارڈ، اور موبائل فون چھین کر پل نہر گوئیند کے علاقے کی طرف فرار ہو گئے ہیں۔ فوراً ناکہ بندی کروائی گئی اور پولیس پارٹی پل نہر گوئیند پر موجود تھی۔
پولیس پارٹی نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ دیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس پارٹی نے درختوں اور جھاڑیوں کی آڑ لے کر اپنی جان بچائی اور حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے اپنی موٹر سائیکل چھوڑ دی اور فصلوں کی طرف فرار ہو گئے۔
پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کیا، اور فائرنگ رکنے پر چیک کیا گیا تو ایک نامعلوم ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پایا گیا۔ ملزم کے پاس پسٹل اور موٹرسائیکل موجود تھی۔ اس کی شناخت حسن ولد خالد قوم جٹ سکنہ راہوالی کینٹ گوجرانوالہ کے نام سے ہوئی۔ ملزم حسن نے بتایا کہ اسے اس کے ساتھیوں احسن ولد محمد لطیف سکنہ گوجرانوالہ اور ایک نامعلوم ملزم نے فائرنگ کر کے زخمی کیا ہے۔ دونوں ملزمان فصلوں کی آڑھ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کو ملزم حسن کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے کال کی گئی، لیکن ریسکیو کی گاڑی آنے سے پہلے ہی ملزم ہلاک ہو گیا۔ ہلاک شدہ ملزم کی تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے موبائل فون، نقدی، اور ایک شناختی کارڈ برآمد ہوا۔
قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ملزم کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ شہر بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔