سیالکوٹ:عشرہ محرم الحرام کو پرامن بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی انتظامات

ضلع بھر میں کل 1258مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 334 جلوس برآمد کیے جائیں گے،سیکیورٹی کیلئے 2400 سے زائد پولیس افسران و ملازمان تعینات

سیالکوٹ،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرشاہد ریاض )عشرہ محرم الحرام کو پرامن بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان جاری
ڈی پی او محمد حسن اقبال کی ہدایات پر سیالکوٹ پولیس نے محرم الحرام میں جلوس و مجالس کی سیکیورٹی کیلئے سیکیورٹی پلان جاری کردیا ہے۔ ضلع بھر میں کل 1258مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 334 جلوس برآمد کیے جائیں گے۔ امام بارگاہ اور دیگر جگہوں کی سیکیورٹی کیلئے 2400 سے زائد پولیس افسران و ملازمان تعینات کیے جارہے ہیں۔

اس کے علاوہ ایلیٹ فورس،محافظ اسکواڈ، PC ریزورز،ٹریفک پولیس،پولیس قومی رضاکاران بھی تعینات کیے جارہے ہیں۔ شیڈول میں شامل تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کیلئے پولیس اہلکاران کی بائی نیم ڈیوٹی لگائی جائے گی۔ کیٹگری۔A کے مرکزی امام بارگاہوں اور جلوسوں پر سپیشل پولیس کے علاوہ ضلع پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائیگی۔

مجالس و جلوس میں زیادہ رش والی جگہوں پر فزیکل چیکنگ کے علاوہ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے جبکہ تمام جگہوں پر میٹل ڈیٹیکٹر کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے۔ سیالکوٹ پولیس اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پوری محنت و جانفشانی کے ساتھ جلوس و مجالس کی سیکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دے گی۔

پوائنٹ ڈیوٹی پر اہلکاران کو مامور کرنے کے علاوہ تمام علاقوں کو مزید حصوں میں تقسیم کرکے نگرانی کیلئے گزیٹڈ پولیس افسران کو مامور کیا جارہا ہے۔ پروگرام کے دوران تھانے کی گاڑیاں،محافظ اسکواڈ اور ایلیٹ پولیس فورس گشت کے فرائض سرانجام دیں گی۔ ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس بھی ضلع پولیس کی معاونت اور روڈ کلیئرنس کیلئے ہمہ وقت موجود رہے گی۔

پولیس لائنز سیالکوٹ میں ریزو فورس ترتیب دی گئی ہے جو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری طور پرپہنچے گی۔ جلوسوں کے دوران ملحقہ راستوں کو سیل کردیا جائیگا جبکہ جلوس کے فرنٹ اور عقب میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائیگی۔ تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقے میں ہونے والے جلوس و مجالس کے پروگرامز کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے اور پولیس ڈیوٹی کو یقینی بنائیں گے۔

تمام ایس ڈی پی او اپنے سرکل میں وزٹ کریں گے اور ڈیوٹی چیک کریں گے۔ ڈی پی او سیالکوٹ کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران وہ ذاتی طور پر تمام علاقوں میں نکلنے والے جلوس اور منعقد کی جانے والی مجالس کی سیکیورٹی چیک کریں گے۔ ضلع میں اوور آل صورت حال کو مانیٹر کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ایکشن لینے کیلئے ڈی پی او آفس سیالکوٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا تمام اہم جلوس ومجالس کی نگرانی بذریعہ کیمرہ جات کنٹرول روم سے کی جائے گی۔

Leave a reply