بھتہ طلبی پر ایس ایچ او سول لائن کو ساتھیوں سمیت مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا

0
46
crime

لاہورمیں ایک شہری سے بھتہ طلب کرنے پرایس ایچ او سول لائن ، سب انسپیکٹراورپرائیویٹ شخص کومقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ بھتہ خوری میں ملوث ایس ایچ او، سب انسپکٹر اور پرائیویٹ شخص کیخلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ الزام نمبر1055/23 مجموعہ تعزیزات پاکستان کی دفعہ 384 اور 155 سی کےتحت درج کیا گیا ہے۔

مدعی مقدمہ کی جانب سے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق رواں ماہ کی 17 تاریخ کو سب انسپکٹر اختر حسین میرے پاس ہوٹل میں آیا اور کہا کہ ایس ایچ او شیخ ندیم نے آپ کو بلایا ہے، جس پر میں سب انسپکٹر کے ساتھ چوکی گنگا رام ہسپتال گیا، جہاں پرایس ایچ او اپنی وردی میں موجود تھا۔ شیخ ندیم نے مجھ سے کہا کہ آپ کے ہوٹل میں غلط کاریاں ہو رہی ہیں ، لہذا مجھے 70 ہزار روپے ماہانہ ادا کرو،اور کام کرتے رہو، جبکہ عدم ادا ئیگی پر میں آپ کے ہوٹل پر چھاپہ مار کر آپ کا کاروبار بند کر دوں گا،اگر ہوٹل میں کوئی وقوعہ ہوا تو اس کا مقدمہ بھی آپ کیخلاف ہی درج کروں گا۔

ایس پی سول لائن حسن جاوید بھٹی کے مطابق بھتہ خوری میں ملوث پولیس اہکاروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نےبتایا کہ شہری کی شکایت پرسادہ لباس افراد کو ہوٹل کو تعینات کیا گیا، کچھ دیر بعد مذکورہ سب انسپیکڑ بھتے کی رقم وصول کرنے پہنچا، تواس کو بھتے کی رقم وصول کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم اس دوران سب انسپیکٹر اخترحسین نے کہا کہ وہ یہ رقم ایس ایچ او شیخ ندیم کے حکم پر وصول کرنے آیا ہے،پولیس نےہوٹل مالک سے لی گئی رقم کے سیریل نمبر نوٹ کیے اور سب انسپیکٹر کو ایس ایچ او کو رقم پہنچانے کا کہا۔

ایس پی کے مطابق جب مذکورہ سب انسپکٹر بھتے کی رقم ایس ایچ او کو دینے پہنچا تو بھتہ خوری میں ملوث ایس ایچ او سمیت تمام اہلکاروں کو رنگے ہاتھوں گرفتارکر لیا گیا اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملوث اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ محکمانہ کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں اس عزم کا اظہار کیاکہ بھتہ خوری میں ملوث اہلکاروں کو محکمہ پنجاب پولیس سے برطرف کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

Leave a reply