سنتھیا ڈی رچی کو ملک میں‌ رہنے کی مزید مہلت مل گئی

0
94

سنتھیا ڈی رچی کو ملک میں‌ رہنے کی مزید مہلت مل گئی

باغی ٹی وی : اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی شہری و بلاگر سنتھیا ڈی رچی کو ملک بدری سے روکنے کے حکم میں 13 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

امریکی شہری و بلاگر سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے ملک بدری سے روکنے کیلئے دائر کی گئی درخواست کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سماعت کی ۔عدالت نے سنتھیا ڈی رچی کو گزشتہ حکم نامے کے تحت بیانِ حلفی جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزارتِ داخلہ کا کام ہے کہ اس کیس میں تحقیقات کرے، سنتھیا نے سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگائے ہیں۔چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نےاستفسار کیا کہ کیا حکومت نہیں چاہتی کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں؟

سنتھیا رچی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ماتحت عدالت میں 2 سماعتیں ہو چکی ہیں مگر سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا

واضح رہے کہ امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی نے وزارت داخلہ کی طرف سے ان کا ویزہ مسترد کیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کردیا تھا ، اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سنتھیا ڈی رچی کی طرف سے وزارت داخلہ کے 2 ستمبر کے فیصلے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروادی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کو ان کے ورک ویزہ میں توسیع کا حکم دیا جائے کیونکہ متعلقہ دستاویزات کی فراہمی کے باوجود ویزہ دینے سے انکار کیا گیا ، درخواست میں سیکریٹری داخلہ ، ڈپٹی سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے ۔

یاد رہے کہ وزارت داخلہ کی طرف سے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کو 15روز میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا تھا ، پاکستان میں قیام کیلئے جاری ویزہ کی مدت ختم ہونے پر سنتھیا ڈی رچی کی طرف وزارت داخلہ کو درخواست دی گئی جس میں انہوں نے ویزہ میں توسیع کا کہا تھا تاہم وزارت داخلہ کی طرف سے ان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے سنتھیا ڈی رچی کو 15روز کے اندر اندر پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا تھا ۔

Leave a reply