پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تاریخ فتح، نگران وزیراعظم و دیگر کی مبارکباد

0
155
pak

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں تاریخی فتح حاصل کرتے ہوئے کیویز کے خلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی ہے

دوسرے ویمن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 رنز سے شکست دی اور 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کی،پاکستان کے 137 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 127 رنز بنا سکی،پاکستان کی فاطمہ ثناء نے آخری اوور میں 17 رنز کا دفاع کیا،قومی ویمن ٹیم نے 6 وکٹ پر 137 رنز اسکور کیے تھے، عالیہ ریاض 32 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں جبکہ منیبہ علی نے 35 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی ٹیم 7 وکٹ پر 127 رنز بنا سکی۔ فاطمہ ثناء نے 3 اور سعدیہ اقبال نے 2 وکٹیں لیں،سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 9 دسمبر کو کھیلا جائے گا

محنت کرتی رہیں تو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر جائے گی،نگران وزیراعظم
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ،انکا کہنا تھا کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے والی ایشیائی ویمن کرکٹ ٹیم بن گئی ہے پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی طرح بھی مردوں سے پیچھے نہیں ہیں، اسی طرح محنت کرتی رہیں تو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر جائے گی،پاکستان ویمن کرکٹرز اور ان کے اہلخانہ کو اس کامیابی پر مجھ سمیت پوری قوم کی مبارکباد۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے، ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا. کپتان ندا ڈار نے جس انداز سے ٹیم کی قیادت کی وہ قابل فخر ہے

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تاریخ ساز فتح پر ٹیم کو مبارک باد دی ، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے،انہوں نے کپتان ندا ڈار، بولر فاطمہ ثناء اور بیٹر عالیہ ریاض کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی کہ پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم اسی طرح شاندار کامیابی کا سلسلہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں بھی جاری رکھے گی

پاکستانی خواتین کو صف اول میں دیکھنا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا،بلاول
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےپاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے نام تہینتی پیغام جاری کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نےپاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کیویز کے خلاف سیریز میں فیصلہ کن جیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ نیوزی لینڈ سیریز میں ہماری ویمن کرکٹ ٹیم کی فتح پوری قوم کے لیے باعث مسرت اور فخر ہے،فاطمہ ثنا اور سعیدہ اقبال سمیت تمام ٹیم کو شاندار پرفارمنس پر شاباش،زندگی کے ہر شعبے میں پاکستانی خواتین کو صف اول میں دیکھنا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا.

Leave a reply