اوکاڑہ: یونیورسٹی میں ‘ٹیچنگ میتھڈ’ کتاب کی تقریب رونمائی

اوکاڑہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر ) یونیورسٹی میں ‘ٹیچنگ میتھڈ’ کتاب کی تقریب رونمائی
تقریب ڈاکٹر خالد سلیم کی زیر صدارت منعقد ہوئی، پروفیسر اطہر خان کی بطور مہمان خصوصی شرکت اوکاڑہ یونیورسٹی کے اساتذہ کی دیگر جامعات کے اساتذہ کے ساتھ اشتراک سے مرتب کی جانے والی کتاب ‘ٹیچنگ میتھڈ’ کی تقریب رونمائی یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے سربراہ ڈاکٹر خالد سلیم نے کی جب کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے پروفیسر ڈاکٹر اطہر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اوکاڑہ یونیورسٹی میں ہونے والی یہ اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی۔ یہ کتاب اکاڑہ یونیورسٹی سے ڈاکٹر شہزاد احمد ، ڈاکٹر طاہر خان فاروقی، ایجوکیشن یونیورسٹی فیصل آباد سے ڈاکٹر آصف اقبال، ہمدرد یونیورسٹی کراچی سے ڈاکٹر شیر محمد عوان اور ہائیل یونیورسٹی سعودی عرب سے پروفیسر انوار مہجبین نے مل کر مرتب کی ہے جب کی ادارت کے فرائض علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ڈاکٹر محمد سمیع اللہ نے سر انجام دیے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد نے کتاب کے مصنفین کی کاوشوں کو سراہا اور کتاب کو بارش کے پہلے قطرے سے تشبیہ دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کتاب میں محض لفاظی کی بجائے حقائق پہ زیادہ زور دیا گیا ہے۔

پروفیسر اطہر نے کہا کہ ہم جو لفظ بولتے یا لکھتے ہیں وہ ہماری ذمہ داری بن جاتا ہے اور اس ذمہ داری کو نبھانا بہت مشکل اور قابل ستائش فعل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب ابھی تک دنیا کی سو لائبریریوں کی زینت بن چکی ہے۔

ڈاکٹر شہزاد کا کہنا تھا کہ تدریس کے درست اور جدید طرائق کار کو جاننا اور سیکھنا ہر شعبے کے طلباء کے لیے ضروری ہے اور پیشہ وارانہ اساتذہ کو بھی اس کی ضرورت پڑتی ہے ۔ڈاکٹر فارقی نے بتایا کہ یہ کتاب ان تمام پہلووں کا احاطہ کرتی ہوئی نظر آتی ہے جس میں عموما اساتذہ کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ ڈاکٹر سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ درس و تدریس سے منسلک ہر شخص کو یہ کتاب لازمی پڑنی چاہیے۔ تقریب کے اختتام پہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء میں کتاب کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔

Leave a reply