ہالی وڈ سائنس فکشن فلم’دی بیٹ مین‘ کی شوٹنگ 2 ہفتے کی بندش کے بعد بحال ہوگئی

0
87

ہالی وڈ کی مشہور و مقبول سائنس فکشن فلم’دی بیٹ مین‘ کے ہیرو برطانوی اداکار روبرٹ پیٹنسن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم اب اداکار کا کورونا وائرس مثبت آنے کے بعد فلم کی شوٹنگ 2 ہفتے کی بندش کے بعد بحال ہوگئی۔

باغی ٹی وی : وارنر بروس اسٹوڈیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ میں بیٹ مین پروڈکشن کے ایک ممبر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے تاہم وارنر بروس اسٹوڈیو نے کورونا کا شکار ہونے والے شخص کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی یہ بتایا کہ شوٹنگ کتنے عرصے کے لیے ملتوی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب ہالی وڈ رپورٹر سمیت دیگر خبررساں اداروں نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ جس شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ کوئی اور نہیں بلکہ فلم ’بیٹ مین‘ کے ہیرو روبرٹ پیٹنسن ہیں یہ واضح نہیں تھا کہ اداکار میں عالمی وبا کا باعث بننے والے کورونا وائرس کی علامات کس حد تک ظاہر ہوئیں۔

تاہم اب برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فلم اسٹوڈیو وارنر بروس نے اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ایک رکن میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد روکی گئی شوٹنگ 2 ہفتے بعد دوبارہ شروع ہوگئی۔

وارنر بروس کے نمائندے نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی قرنطینہ احتیاطی تدابیر کے بعد برطانیہ میں دی بیٹ میں کی فلمبندی بحال ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فلم دی بیٹ مین کا پہلا آفیشل ٹیزر ٹریلر جاری ہوا تھا جس میں روبرٹ پیٹسن کو مختلف کاسٹیوم والے بیٹ مین کے طور پر دکھایا گیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ روبرٹ پیٹسن سپر ہیرو جاسوس فلم میں ‘بیٹ مین’ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، اس سے قبل بیٹ مین سیریز فلموں میں مرکزی کردار کرسٹین بیل، بین ایفلک اور مائیکل کیوٹن ادا کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلی عالمگیر کورونا وبا کے باعث مارچ کے وسط میں شوبز سرگرمیوں پر پابندیوں کے باعث ملتوی کی گئی فلم ’دی بیٹ مین‘ کی شوٹنگ تین روز قبل ہی شمالی لندن میں دوبارہ شروع ہوئی تھی۔ اس فلم کی ابھی تین ماہ کی شوٹنگ باقی رہتی تھی۔ فلم ابتدائی طور پر جون 2021 میں ریلیز ہونی تھی چونکہ کورونا کی وجہ سے فلم مکمل نہیں ہو سکی لہذا اس کی ریلیز کی تاریخ آئندہ سال اکتوبر 2021 تک بڑھادی گئی تھی-

ہالی وڈ فلم بیٹ مین کے ہیرو کورونا وائرس کا شکار، فلم کی شوٹنگ ایک بار پھر ملتوی

Leave a reply