ایف-9 پارک میں لگے کیمروں کوسیف سٹی اتھارٹی کےڈیٹا بیس سےمنسلک کردیا گیا:آئی جی

0
35
islamabad

اسلام آباد:رواں ماہ کے اوائل میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن میں واقع پارک میں 2 مسلح افراد کی جانب سے خاتون کو ریپ کا نشانہ بنائے جانے کے بعد اسلام آباد پولیس نے پبلک پارک میں نصب 200 سے زائد کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی کے ڈیٹا بیس سے منسلک کر دیا اور پارک میں گشت کے لیے تعینات اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا۔.

اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ولید اقبال کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے کہا کہ پبلک سیفٹی کے لیے ایک پارک مینیجر کا تقرر بھی کردیا گیا۔

دوسری جانب کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین نورالامین مینگل نے بھی سینیٹ قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی کہ سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت میں عوامی مقامات پر لوگوں کے تحفظ اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 10 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے سینیٹ قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور مجرموں کو پکڑنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس نے ایف نائن پارک کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی کے سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کے علاوہ پیٹرولنگ اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔سربراہ سی ڈی اے نے سینیٹ قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ عوامی مقامات پر لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 10 کروڑ روپے کا بجٹ بھی منظور کیا گیا ہے

Leave a reply