واشنگٹن : امریکی صدارتی انتخابات: آخری ریاست کا نتیجہ بھی آگیا:ٹرمپ کا فیصلہ ہوگیا،اطلاعات کے مطابق امریکہ کے صدارتی انتخابات 2020 کا آخری نتیجہ بھی آگیا ہے جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب قرار پائے ہیں۔امریکہ کی 49 ریاستوں کے نتائج آ چکے ہیں اور صرف ریاست جارجیا کے نتیجے کا انتظار کیا جا رہا تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق جمعرات کو الیکشن حکام نے جارجیا کے نتیجے کا اعلان کیا جس کے مطابق جو بائیڈن نے صدر ٹرمپ کے مقابلے میں 12 ہزار زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔جارجیا میں کامیابی کے بعد جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹ میں مزید 16 ووٹ کا اضافہ ہو گیا ہے۔
نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹ کی کُل تعداد 306 ہو گئی ہے جب کہ اُن کے مدِ مقابل صدر ٹرمپ نے 232 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔
یاد رہے کہ جارجیا میں ڈیموکریٹک پارٹی نے 25 برس بعد کامیابی حاصل کی ہے۔ آخری مرتبہ 1992 میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار بل کلنٹن نے اس ریاست میں کامیابی حاصل کی تھی اور 1996 کے بعد سے یہ ریاست ری پبلکن صدارتی امیدواروں کے پاس تھی۔








