آخری 5 اوور31مارچ کے بعد شروع ہونگے:بابر اعوان

0
32

وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان نے کہا ہے کہ 31 مارچ کے بعد آخری 5 اوور شروع ہونگے اور ہم سرپرائز دیتے رہیں گے ۔

وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کیخلاف غیر ملکی فنڈڈ قرارداد آئی ہے، بڑے پیمانے پر باہر کا پیسہ استعمال ہورہا ہے، اس بار ڈالر اور پاؤنڈز استعمال ہو رہے ہیں۔ انصاف کا ایوان سپریم کورٹ ہے اس لئے چیف جسٹس کے سامنے خط رکھنے کی تجویز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ والےجہلم سے پنڈی تک منہ چھپا کر بھاگے، اپوزیشن مل کر بھی ایف نائن پارک کو نہیں بھر سکی لیکن ہم سرپرائز دیتے رہیں گے۔

بابر اعوان نے مزید کہا کہ 31مارچ کے بعد آخری 5 اوور شروع ہونگے، اراکین اسمبلی اس دن ایوان میں نہیں جائیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن منحرف اراکین کو لالچ دے رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ نااہلی کچھ عرصے کی ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹیم کو خط لکھا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز پی ٹی آئی کا کوئی رکن قومی اسمبلی اجلاس میں نہیں جائے گا۔

 

 

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کے خلاف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔ جسے منظور کر لیا گیا اور دو روز کے وقفے کے بعد اس پر بحث ہو گی۔

اُدھر وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے اپنے اراکین قومی اسمبلی کو تحریری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

عمران خان کی طرف سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز کو رکن اسمبلی اجلاس میں نہیں جائے گا، ووٹنگ کے دوران کوئی رکن قومی اسمبلی پارلیمنٹ میں موجود نہ ہو، جو رکن پارٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا، اس پر پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق ہوگا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کردی ہے اور اب 31 مارچ یا اس کے بعد کسی بھی دن تحریک پر ووٹنگ ہوگی۔

Leave a reply