جدہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ رن وے سے پھسل گیا

جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارہ رن وے سے پھسل گیا تاہم اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رن وے سے پھسلنے والا طیارہ گلف اسٹریم 400 تھا جس میں عملے کے 5 ارکان سوار تھے۔انتظامیہ کے مطابق طیارہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر رن وے سے پھسلا تاہم خوش قسمتی سے بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا، پروازیں متاثر نہیں ہوئی ہیں جبکہ شیڈول میں بھی کوئی تعطل نہیں آیا ہے۔

یاد رہے کہ 2019 میں گلگت ایئرپورٹ پربھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب قومی ایئر لائن پی آئی اے کا طیارہ گلگت ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا طیارہ پی کے 605 گلگت ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے کچی زمین پر پھسل گیا۔طیارہ رن وے پر پھسل کر دائیں جانب الٹ گیا، تاہم پائلٹ نے کمالِ مہارت سے طیارے پر قابو پا لیا۔

اس سے قبل اسلام آباد سے گلگت جانے والی پہلی پرواز پی کے 607 گلگت میں لینڈ کر گئی تھی، پہلی پرواز واپس روانگی کے لیے تیار تھی کہ دوسری پرواز کے لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسلنے کا واقعہ پیش آ گیا۔

Comments are closed.