سیاحت کے فروغ میں ڈیجیٹل میڈیا کاکردار تحریر: محمد عابد خان
ہمارا وطن پاکستان انتہائی دلکش اورخوبصورت سیاحتی مقامات سے بھرا ہوا ہے۔سیاحت کا فروغ ، نئے سیاحتی مقامات کی تلاش اور آثار قدیمہ کو محفوظ بنانا،سیاحوں کا تحفظ ، سیاحتی علاقوں کوسہولیات کی فراہمی اور متعلقہ امور کوفروغ دینا ہے۔سیاحت کا شعبہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتاہے، پاکستان میں سیاحتی شعبے میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے.وطن عزیزپاکستان جغرافیائی اعتبار سے بھی دنیاکا ایک منفرد اور خوبصورت ترین ملک ہے۔یہاں وسیع و عریض سمندر ہیں ، لق و دق صحرا ہیں۔ بالخصوص ملک کے حسین ترین خطےخیبر پختو نخوا کے قبا ئلی اضلاع کو وطن عزیز پاکستان کے ماتھے کا جھومر کہاجائے تو بے جانہ ہو گا۔ جہاں خوبصورت پہاڑ اور سر سبز و شاداب وادیاں ہیں۔سیاحت کے فروغ کے لئے کسی ملک کےتاریخی وثقافتی ورثوں اور سیاحتی مقامات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے،سیاحت کے فروغ کے لئے جہاں تاریخی و ثقافتی مقامات اور سیاحوں کے لئے سہولتوں کی فراہمی درکارہوتی ہے وہاں امن و امان کا قیام بھی بنیادی ضرورتوں میں سے ہے۔ بد قسمتی سے
پاکستان میں ایک عرصہ تک امن و امان کے مسئلے کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر رہا۔لیکن پاکستان کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیاکےزریعے عالمی سطح پر پاکستان کو ایک پرامن ملک پیش کیا گیا جس کے بعد سیاحوں نے پاکستان کی طرف رخ کرنا شروع کردیا۔ان ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم میں ایک نام کانسپٹ ٹی وی کا بھی ہے جو بیک وقت تین زبانوں ،پشتو،اردو اور انگریزی زبان میں ادب، ثقافت،سیاحت،امن اورکھیل بارے مختلف آرٹیکل اور خبریں اپنےنیوز ویب سائٹ پر پبلش کرکے سوشل میڈیااکاونٹس سے جاری کرکے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج گراف بڑھا دیا جس کی وجہ سے پاکستان کا پرامن اور پر سکون ماحول دنیا میں مثالی اور عالمی سیاحوں کے لئے کشش کا باعث بن گیا ۔ ان کے علاوہ باغی ٹی وی کا کردار لائق تحسین ہے جس نے بھی اپنی خبروں اور مضامین کے زریعے پاکستان، خاص طور پر خیبر پختو نخوا اور قبائلی علاقوں میں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، یہی وجہ ہے کہ عید کے دوران خیبر پختونخوا میں لاکھوں سیاحوں کی آمد کااندازہ لگایا گیا ہے ۔
عید کی تعطیلات ختم ہو نے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبہ کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کی رپورٹ جاری کردی تھی جس کے مطابق 27 لاکھ ستر ہزار سیاحوں نے سیاحتی علاقوں کا دورہ کیا ، کثیر تعداد میں سیاحوں کی آمد سے 66 ارب سے زائد کا کاروبار ہوا جبکہ مقامی معیشت کو 27 ارب سے زائد کا فائدہ ہوا، سرکاری دستاویز کے مطابق عید کے دوران دس لاکھ 50 سے زائد سیاحوں نے سوات کا رخ کیا، گلیات دس لاکھ اور کمراٹ میں ایک لاکھ 20 ہزار سیاحوں نے سیر کی، وادی کاغان میں سات لاکھ سے زائد جبکہ چترال 50 ہزار سیاحوں کی آمد ہوئی ،عید کی چھیٹوں میں سات لاکھ 20 ہزار گاڑیاں سیاحتی علاقوں میں داخل ہوئیں، سیا حوں نے تین دن تک سیاحتی مقامات پر عید کی تعطیلات گزاریں، آیام عید کے دوران مقامی لوگوں کے روزگار و آمدن میں اضافہ ہوا، تازہ ترین رپورٹ کے مطابق لاکھوں کی تعداد میں سیاح اب بھی صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیر و تفریح کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا محمود خان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے سیاحوں کی آمد بارے رپورٹ وزیر اعظم عمران خان سے ایک ملاقات میں پیش کی تھی جس کو وزیر اعظم عمران خان نے بے حد سراہا اور صوبائی حکومت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین کی۔ سیاحت دنیا بھرمیں اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اسےدنیا کے مختلف ممالک میں انڈسٹری کا درجہ دیا گیا ہے ۔تہذیبی و ثقافتی اقدار اور تاریخی آثار کو ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لئے بروئے کار لانا دانشمندقوموں کا وطیرہ ہوتا ہے ۔ ہماری ثقافتی سرگرمیاں پائیدار قومی تعمیر و ترقی کی ضامن ہونی چاہئیں۔