پاکستان کی معیشت میں بہتری لانے کیلئے سفراء کا کردار اہم، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں یورپی ممالک میں معاشی سفارت کاری کے حوالے سے پہلے ورچوئل سفراء اجلاس کا انعقاد کیا گیا- سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران کی اجلاس میں شرکت کی گئی-
اجلاس میں آسٹریا،بیلجیئم، بیلاروس، بوسنیا ،بلغاریہ، چیک ریپبلک، ڈنمارک، جرمنی، یونان، ھنگری، آئیرلینڈ اور پرتگال میں تعینات پاکستانی سفراء نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس میں خطاب ترتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو یورپ میں معاشی سفارت کاری کے حوالے سے منعقدہ اس ورچوئل اجلاس میں شرکت پر خوش آمدید کہتا ہوں – جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ معاشی سفارت کاری کی اہمیت میں روزافزوں اضافہ ہو رہا ہے- ہمیں اس حقیقت کو پیش نظر رکھنا چاہیے کہ بہترین سفارت کاری کا تعلق مضبوط معیشت کے ساتھ ہے-قبل ازیں ہم نے افریقی ممالک کے ساتھ معاشی سفارت کاری کا آغاز کیا-افریقی ممالک میں تعینات ہمارے سفراء اور سفارت خانوں نے بھرپور محنت کی جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے- نیروبی میں معاشی سفارت کاری کانفرنس کے انعقاد اور افریقی ممالک کی مارکیٹس کے ساتھ معاشی روابط کے بعد افریقی ممالک کے ساتھ ہماری ایکسپورٹ کی شرح میں 7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا- ہمیں یورپی ممالک میں موجود مارکیٹس اور میسر مواقعوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی-

یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے- پاکستان کی معیشت میں بہتری لانے کیلئے ہمارے سفراء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا- کاروبار میں سہولت کی فراہمی(Ease of doing business ) کیلئے ہم نے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں- مجھے خوشی ہے کہ کاروبار کے حوالے سے سہولت کی فراہمی میں، عالمی سطح پر پاکستان کی درجہ بندی میں 39 درجے بہتری دیکھنے میں آئی ہے- یورپ، 500 ملین آبادی پر مشتمل ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جہاں تجارت کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں-

وزارتِ خارجہ، متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر معاشی سفارت کاری کے اھداف کے حصول کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے- یورپ میں پاکستانی کمیونٹی کثیر تعداد میں موجود ہے جو یورپی ممالک کی مارکیٹس کے ساتھ گہری واقفیت رکھتی ہے- یورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے معاشی سفارت کاری اہداف کے حصول میں معاونت مل سکتی ہے- یورپی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء نے وزیر خارجہ کو اپنے اپنے سفارت خانوں کی جانب سے معاشی سفارت کاری کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا-

Comments are closed.