ملک میں نفاذ اسلام کا موضوع  تحریر :جواد خان یوسفزئی

0
34

 ایک زمانے میں بہت زیر بحث رہتا تھا۔ آج کل اس طرف توجہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسلام پسند جماعتیں ایک تو کافی غیر فعال ہیں دوسرے ان کی توجہ امور خارجہ پر زیادہ رہتی ہے۔ دیگر جماعتیں اسلام کی بات کرتی ہیں لیکن بغیر سوچے سمجھے۔ عام آدمی کے ذہن میں مملکتی سطح پر اسلام کا مطلب غیر مسلموں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے آگے کچھ نہیں۔
اسلام کا مقصد انسانی معاشرے کی ایک خاص نہج پر تعمیر ہے۔ معاشرے کی تعمیر کے لیے اخلاقی تعلیمات کے علاوہ قوانین کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ اسلام کا بھی اپنا ایک مفصل قانونی نظام ہے جسے ملک کا نظام بنانا ہی نفاذ اسلام کی بنیاد ہے۔
1977 اور 1985 کے دوران اسلامی قوانین کے نفاذ کی کچھ کوششیں ہوئیں۔ ان میں زکواۃ و عشر آرڈنینس کو چھوڑ کر باقی کچھ مخصوص جرائم کی سزاؤں کے بارے میں ہیں جنہیں حدود کہا جاتا ہے۔ قتل، زنا، بہتان تراشی اور چوری۔
ظاہر ہے ان چار جرائم کے علاوہ بھی بے شمار جرائم معاشرے میں ہوتے ہیں جن کے بارے میں ہمارا قانونی نظام انگریزی قانون پر عمل کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مندرجہ بالا نافذ شدہ قوانین سزائیں بھی بہت مخصوص حالات میں قابل نفاذ ہیں اور باقی حالات میں ان جرائم پر قانون تقریباً خاموش ہے۔
یہ درست ہے کہ فقہ میں حدود کے علاوہ دیگر جرائم پر سزاؤں کی بھی گنجائش ہے اور انہیں اصطلاحی طور پر "تعزیرسیاسیہ” کہا جاتا ہے یعنی ایسی سزائیں جن کا تعین حکومت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ عام تاثر یہ ہے کہ ان کا تعین قاضی (عدالت) کی صوابدید ہے۔ لیکن پورے قانونی نظام کی تفصیلات کو عدالت کی صوبدید پر نہیں چھوڑا جاسکتا بلکہ تحریری قانون بہت ضروری ہوتا ہے۔ ایسا نہ ہو تو قانون کا مقصد ہی فوت ہوجائے گا کیونکہ قانون میں یکسانیت بنیادی چیز ہوتی ہے۔
ایسا بھی نہیں کہ تعزیرات کو مکمل طور پر عدالت کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا ہو۔ فقہاء نے بہت سے جرائم کے لیے سزائیں تجویز کی ہیں، جن سے مدد لی جاسکتی ہے۔ ان کے علاوہ ایک مثال ترکی کی عثمانی سلطنت کی ہے جہاں "مجلۃ الاحکام العدلیہ” کے نام سے کچھ اسلامی قوانین کو مدون شکل میں پیش کیا گیا تھا۔ ہمارے ہندوستان میں عالمگیر بادشاہ کے زمانے میں فتاوےٰ کا ایک مجموعہ مدون ہوا تھا۔
پاکستان میں اسلامی قوانین کو نافذ کرنے کے لیے سب سے پہلے ایک واحد قابل عمل مجموعہ ترتیب دینا ضروری ہے۔ ظاہر ہے پاکستان میں حنفیوں کی اکثریت ہے تو یہ کام حنفی فقہ کے اندر رہتے ہوئے کرنا پڑے گا۔ اس مجوعے میں ہر معاملے کے لیے ایک واحد قانون بتانا ہوگا جس کے مطابق عدالت نے فیصلہ دینا ہے۔ قران و حدیث نیز قیاس و اجماع کے دلائل اور ائمہ کے اختلاف نیز فتاویٰ کا ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ یہ اکیڈیمک باتیں ہیں جن سے عدالت کو کوئی سروکار نہیں ہوچاہیے۔ اسے ایک حتمی قانونی دفعہ چاہیے ہوتا ہے جس پر وہ فیصلہ دے سکے۔
تعزیرات کے علاوہ دیوانی قوانین کو بھی اسی طریقے سے مدون کیا جائے۔
شخصی قوانین (personal laws) کے مجموعے ہر فقہی مکتب کے لیے الگ الگ مرتب کیے جاسکتے ہیں۔
یہاں یہ مت کہیں کہ ہمارے پاس پہلے سے ہی قوانین موجود ہیں۔ قوانین کا موجود ہونا اور انہیں زمانے کی ضروریات کے مطابق ترتیب دے کر نافذ کرنا دو الگ باتیں ہیں۔ ایسا نہ ہوتا تو لوگ بہت پہلے آرام سے بیٹھ جاتے۔ ہر دور میں کتابیں لکھنے اور فتاوےٰ تحریر کرنے کی کوئی ضرورت نہ ہوتی۔
آخری بات یہ کہ اس وقت کسی اجتہاد وغیرہ کی نہیں بلکہ پہلے سے موجود فقہی قوانین کو مدون کرنے کی ضرورت ہے۔
ٹوئیٹر : Jawad_Yusufzai@
ای میل : TheMJawadKhan@Gmail.com

Leave a reply