ترک سفیر مہمت پیکی کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےاہم ملاقات

0
92

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پیکی نے آج جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے ۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر خصوصی زور دیتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ہم ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں اور ہماری ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہے۔

معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی کی سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترکیہ کے سفیر نے پیشہ ورانہ مہارت اور خود انحصاری کے میدان میں پاک فضائیہ کی غیر معمولی ترقی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

 

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں، سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں فضائی افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ تعاون کے مختلف امور زیرِ بحث آئے۔

Leave a reply