متحدہ امارات کا کراچی میں ایشیا کا سب سے بڑا ویزا سینٹر کھولنے کا اعلان

0
110

کراچی: پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے کہا ہے کہ وہ ستمبر میں کراچی میں ویزا سینٹر کھول رہے ہیں جو ایشیا میں اس قسم کی سب سے بڑی سہولت ہوگی۔کراچی کے ایوانِ صنعت و تجارت کے دورے کےموقع پر یو اے ای کے سفیر نے بتایا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں اسی قسم کا مرکز اسلام آباد میں بھی کام کا آغاز کردے گا۔

حماد عبید الزابی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر چیز میسر ہوگی، جس میں میڈیکل انشورنس، طبی معائنے اور کانٹریکٹس وغیرہ شامل ہیں جبکہ کراچی کے خیابانِ شمشیر میں اس ویزا سینٹر کے لیے پوری ٹیم یو اے ای سے آئے گی۔

ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر جنید اسمٰعیل مکدہ، سینئر نائب صدر خرم شہزاد، نائب صدر آصف شیخ اجلاس میں یو اے ای حکام نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر تاجر برادری کی جانب سے پرجوش میزبانی پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے یو اے ای کے سفیر نے کہا انہوں نے پاکستان کے کئی شہروں کا دورہ کیا ہے جس میں لاہور، سیالکوٹ، پشاور، جنوبی وزیرستان، فیصل آباد اور کوئٹہ شامل ہیں، تاہم کراچی ملک کے اہم ترین شہروں میں سے ایک ہے جہاں اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں کے مقابلے میں سماجی زندگی، موحول، ثقافت اور لوگ بہت مختلف ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں اب 5 سال کی مدت کے لیے سلور انویسٹمنٹ ویزا اور 10 سال کی مدت کے لیے گولڈن انسوسٹمنٹ ویزا فراہم کررہی ہیں۔ ویزے مخصوص معیار اور کمپنی کے حجم اور سرمایہ کاری کی مالیت کی بنیاد پر جاری کیے جائیں گے۔

Leave a reply