اقوام متحدہ یوکرین روس جنگ کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، احسن اقبال

0
42

واشنگٹن:احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ یوکرین روس جنگ کے مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک تقریب ساے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ یوکرین روس جنگ کے مسئلے کے حل کے لئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرے تاکہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے کے اثرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے بہت سے ترقی پذیر ممالک کو بین الاقوامی منڈیوں میں اشیاء کی قیمتوں میں دگنا اور تین گنا اضافے کی وجہ سے انتہائی مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان جیسے ممالک اب اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے شدید دباؤ میں ہیں جس کے نتیجے میں نجی شعبے پر بھی مالی بوجھ بڑھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو نجی شعبے کیلئے ان پروگراموں کیلئے اضافی وسائل حاصل کرنا مشکل ہو رہا ہے جو وہ ایس ڈی جیز کیلئے بروئے کار لا رہے تھے۔

احسن اقبال نے ایسے ترقی پذیر ممالک کیلئے کسی قسم کے ریلیف کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نجی شعبے کو پائیدار ترقی کے اہداف میں حصہ ڈالنے کے قابل بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ 2015 میں پائیدار ترقی کے اہداف کے آغاز کے فوراً بعد پاکستان کی پارلیمنٹ نے بین الاقوامی ایس ڈی جیز ایجنڈے کو اپنے قومی ترقیاتی اہداف کے طور پر اپنایا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابتدا سے ہی اس ایجنڈے کو ملکیت دینے کی کوشش کی، یہ کوئی عالمی ایجنڈا نہیں یہ ہمارا اپنا قومی ایجنڈا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جہاں تک موسمیاتی تبدیلیوں کا تعلق ہے پاکستان سرفہرست 10 کمزور ممالک میں شامل ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے حکومت بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے کاروبار میں مزید ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے کیونکہ ہمارا ملک نوجوان اکثریت کا ملک ہے اور تقریباً دو تہائی آبادی کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنے کےلئے کوشاں رہی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہم نوجوان گریجویٹس اور انڈر گریجویٹس کو انٹرن شپ پروگرام پیش کر رہے ہیں تاکہ انہیں روزگار کے حصول میں آسانی ہو اور انہیں مزید روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔

Leave a reply