Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بھارت: خاتون کے معدے سے 14 قلم، 5 لکڑی کے چمچ اور موم بتی برآمد

بھارت: خاتون کے معدے سے 14 قلم، 5 لکڑی کے چمچ اور موم بتی برآمد
مصنف:

جنوبی بھارت کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کو اس وقت حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ایک خاتون کے معدے سے 20 غیر معمولی اشیاء نکال لیں، جن میں 14 قلم، 5 لکڑی کے چمچ اور ایک موم بتی شامل تھی۔


بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 5 ستمبر کو ریاست آندھرا پردیش کے ضلع پلناڈو کے شہر نرسارا پیٹ میں واقع ماتا شری پرائیویٹ اسپتال میں پیش آیا۔ پتلوری واری پالیم گاؤں سے تعلق رکھنے والی خاتون کو اہل خانہ سینے میں درد اور شدید بے چینی کی شکایت پر اسپتال لائے تھے۔اسپتال میں کیے گئے تشخیصی ٹیسٹوں کے دوران ڈاکٹروں کو مریضہ کے معدے میں مختلف اشیاء کی موجودگی کا علم ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر پی رام چندرا ریڈی کی سربراہی میں سرجنز کی ٹیم نے انہیں نکالنے کے لیے لیپرواسکوپک آپریشن کیا۔تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران ڈاکٹروں نے تمام اشیاء احتیاط سے معدے سے نکال لیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق نکالے گئے قلموں میں سب سے لمبا تقریباً 25 سینٹی میٹر کا تھا، جبکہ ایک قلم کا ڈھکن بھی موجود نہیں تھا، جس سے اندرونی چوٹ کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔


ڈاکٹر پی رام چندرا ریڈی کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خاتون اتنی بڑی تعداد میں مختلف اشیاء نگلنے میں کیسے کامیاب ہوئی۔ تاہم، مریضہ کی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہے۔خاتون کے والد کے مطابق ان کی بیٹی گزشتہ تقریباً 10 برس سے ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ اس کے شوہر نے دو ماہ قبل اسے طلاق دے دی تھی۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL