2 پاکستانی خلا باز چاند پر جانے کیلئے تیار، تربیتی مشقیں جاری

پاکستان کے 2 پائلٹس چین کے خلائی اسٹیشن ’تیان گونگ‘ پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں، جن میں سے ایک رواں برس موسمِ خزاں میں تقریباً ایک ہفتے کے مشن پر خلا میں جائے گا۔
یہ مشن کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کا پہلا انسانی خلائی مشن ہوگا، جبکہ منتخب پاکستانی چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والا پہلا غیر ملکی خلانورد بھی بن جائے گا۔
ذیشان علی اور خرم داؤد گزشتہ کئی ماہ سے بیجنگ میں واقع چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ دونوں کھانا کھانے، سونے، چینی زبان، خلائی جہاز کے نظام، اس کی مرمت اور خلائی پرواز کے دوران جسم پر پڑنے والی شدید قوت برداشت کا مظاہرہ کرنے کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو میں انسانی خلائی پرواز کے تعاون کی نگرانی کرنے والے عامر گیلانی کے مطابق دونوں میں سے حتمی انتخاب اکتوبر کے وسط سے آخر تک متوقع ہے۔





