Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسٹریٹجک ذخائر سے 325 ملین بیرل تیل جاری

crude-oiloil-770×433

جی سیون‘ ممالک نے ہنگامی بنیادوں پر مزید 100 ملین بیرل تیل منڈی میں لانے کا اعلان کیا ہے۔


انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) نے ہفتے کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رکن ممالک نے اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے اب تک 325 ملین بیرل خام تیل اور اس سے حاصل ہونے والی دیگر مصنوعات جاری کر دی ہیں۔


واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں ایجنسی کے رکن ممالک نے عالمی منڈی میں مجموعی طور پر 400 ملین بیرل تیل لانے کا وعدہ کیا تھا,انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ یہ تازہ ترین اپ ڈیٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل ہی ’جی سیون‘ ممالک نے ایک اہم فیصلہ کیا تھا۔


’جی سیون‘ نے ’آئی ای اے‘ کی مشاورت اور ہم آہنگی کے ساتھ فوری طور پر 100 ملین بیرل ڈیزل اور خام تیل مارکیٹ میں لانے پر اتفاق کیا ہے اس ہنگامی اقدام کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی سے متعلق ان سنگین خدشات کو دور کرنا ہے جو امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے نتیجے میں پیدا ہوئے ہیں۔


 اس تنازع کی وجہ سے تیل کی عالمی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات نے مارکیٹ کو عدم استحکام سے دوچار کر دیا تھا، جس پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر یہ ذخائر استعمال کیے جا رہے ہیں۔


دوسری جانب ’جی سیون‘ ممالک کی جانب سے جاری ہونے والے اس نئے اعلان میں ایک ابہام بھی پایا جاتا ہے,’جی سیون‘ نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ حال ہی میں اعلان کردہ 100 ملین بیرل تیل مارچ کے اسی وعدے کا حصہ ہے جس کے بقایا 75 ملین بیرل ابھی جاری ہونا باقی تھے، یا پھر یہ اس سے بالکل الگ اور اضافی مقدار ہے۔