راولپنڈی میں 8 سالہ طالبہ سے مبینہ زیادتی، اسکول چوکیدار کے خلاف مقدمہ درج

8 سالہ طالبہ سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس نے اسکول کے چوکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
افسوسناک واقعہ تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ پر واقع نجی اسکول میں پیش آیا،پولیس کے مطابق مقدمہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق بچی دوسری جماعت کی طالبہ ہے اور گزشتہ چند روز سے اسکول جانے سے گریز کررہی تھی اور روتی تھی۔
والد نے پولیس کو بتایا کہ بچی سے پیار سے پوچھنے پر اس نے مبینہ طور پر بتایا کہ 21 ستمبر کو اسکول میں چھٹی کے بعد رش کم ہونے پر چوکیداررفیق اسے دوسری منزل پر واقع کچن میں لے گیاجہاں اس کے ساتھ مبینہ طور پر نازیبا حرکات کی گئیں اور کسی کو بتانے پر دھمکی دی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق والدین نے اسکول پہنچ کر بچی سے مبینہ ملزم کی شناخت کرائی، جبکہ بچی کے کپڑوں پر بھی مبینہ طور پر داغ مو جود تھے،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق الزام کی مزید تصدیق تفتیش کے دوران کی جا ئے گی۔
مزید پڑھیں





