اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا عوامی شکایات کے فوری ازالے کا حکم

اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اجلاس، اجلاس میں ضلع بھر میں فلاحِ عامہ کے اقدامات، شہریوں کو درپیش روزمرہ کے مسائل کے حل اور انفراسٹرکچر کے جاری مفید منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام انتظامی اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ عوام کی سہولت کے لیے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کوالٹی اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ محمد اکرام ملک نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے دفاتر کے دروازے کھلے رکھے جائیں اور پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، اور سڑکوں کی مرمت جیسے بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔
اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی اپنے دفتر میں شہریوں کی سنوائی، حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام الناس کی داد رسی کا تسلسل برقرار ہے اور اس سلسلہ ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں شہریوں کے پاس جا کر انکے مسائل فرداً فرداً سنے اور ان کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی ترجیحی بنیادوں پر احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ عوامی مسائل کے فوری اور باانصاف حل کے لیے تمام انتظامی دفاتر کے دروازے سائلین کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ انتظامیہ کا بنیادی مقصد عوام الناس کی تکالیف کو بلا تاخیر دور کرنا اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد ضلع میں گڈ گورننس کا قیام اور عوام اور انتظامیہ کے درمیان حائل فاصلوں کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں عوامی ریلیف کے لیے ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل بھی کیا جا رہا ہے۔





