مریم نواز کی ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام نہ کرنے والی کمپنیوں کو فوری فارغ کرنےکی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام نہ کرنے والی نادہندہ پرائیویٹ کمپنیوں کو فوری طور پر فارغ کرکے سیلف آپریشن فعال کرنے کی ہدایت کی ہے-
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صفائی کے امور، ویسٹ کلیکشن اینڈ ٹرانسپورٹ فلو سسٹم اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیاوزیراعلیٰ نے مختلف تحصیلوں میں صفائی کی صورتحال کی رپورٹس خود چیک کیں اور ضلع چکوال میں صفائی کے بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ کنٹریکٹرز کے ذمہ واجبات کی سزا ’ستھرا پنجاب‘ کے ورکرز کو دینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ’ستھرا پنجاب‘ کے ورکرز کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے فوری طور پر قانونی را ستہ نکالا جائے،انہوں نے نادہندہ کمپنیوں سے ورکرز کے واجبات ریکور کرنے پر بھی مکمل اتفاق کیا۔
اجلاس میں صوبے بھر کے لیے کڑے انتظامی فیصلے کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اگلے ہفتے تک صوبہ بھر میں ستھرا پنجاب کی مکمل پراگریس رپورٹ پیش کی جائے۔ ایک ہفتے کے اندر ستھرا پنجاب کے ورکرز اور مطلوبہ مشینری کے اہداف کو ہر صورت پورا کیا جائے۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب ’بیٹ سسٹم‘ نافذ کرنے کے لیے 7 دن کی حتمی ڈیڈلائن مقرر کر دی گئی ہے،وزیراعلیٰ نے ہر تحصیل میں 80 فیصد سے کم کارکردگی دکھانے والی ’ستھرا پنجاب‘ کمپنیوں کو وارننگ جبکہ 50 فیصد سے کم کارکردگی پر انہیں فوری طور پر فا رغ کرنے کا حکم دیا انہوں نے خبردار کیا کہ ہر تحصیل میں صفائی نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ستھرا پنجاب کے انچا رج کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کم از کم متبادل ایام میں صفائی یقینی بنانے اور کچرے کے ڈھیر فوری طور پر اٹھانے کی ہدایت کی,اس کے علاوہ ہر تحصیل میں ستھرا پنجاب ہیومن ریسورس، بیٹ مشینری اور فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز کی ہفتہ وار تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے، جبکہ ورکرز کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف کرانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں اینٹی لٹرننگ سکواڈ مکمل طور پر متحرک ہے جو اب تک 264,000 وزٹس کر چکا ہے ان سکواڈز نے صفائی کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو وارننگز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں





