Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پی ٹی آئی لانگ مارچ کوہاٹ پہنچ گیا،شیڈول تبدیل،شرکا کی تعداد سامنے آ گئی

مصنف:

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کا روٹ تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔


پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آج تیسرا دن ہے، کوہاٹ میں شرکاء سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ کا قافلہ اب پشاور کے بجائے خیبر جائے گا،انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی تک لانگ مارچ جاری رہے گا،سہیل آفریدی کے مختصر خطاب کے بعد لانگ مارچ کے شرکاء کوہاٹ سے ضلع خیبر روانہ ہوگئے۔


مرکزی قافلے کی موجودہ پوزیشن:

تقریباً رات 7:30 بجے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ، جس میں تقریباً 2400 سے 2500 افراد شامل ہیں، کوہاٹ ٹنل عبور کرکے رات 7:55 بجے ڈسٹرکٹ کوہاٹ کے علاقے زرغون خیل، عباس چوک پہنچ گیا۔

پشاور کے علاقے متنی میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے لیے مختص کھلے میدان کو ہموار کر دیا گیا ہے، جبکہ خیمے لگانے کا عمل جاری ہے اور روشنی کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ ایم این اے شاندانہ گلزار، ایم پی اے شیر علی آفریدی اور ایم پی اے سمیع اللہ سمیت تقریباً 300 سے 350 کارکنان موقع پر موجود ہیں۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں موبائل فون سروس بھی بحال ہو گئی ہے۔


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا ضلع کوہاٹ میں خطاب

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے الزام عائد کیا کہ خوف کے باعث ججز بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات مقرر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر عمران خان کے مقدمات مقرر کیے جائیں تو انہیں آدھے گھنٹے میں رہا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عدالتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہیں تو عوام ’’سڑکوں پر‘‘ فیصلے کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام مطالبات قانونی ہیں اور اگر یہ ثابت ہو جائے کہ مطالبات قانونی نہیں تو لانگ مارچ ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے متعدد بار مذاکرات کی کوشش کی، تاہم اسے پشتون مفادات پر سمجھوتے کا کہا گیا۔


امن و امان کی صورتحال

حکام کے مطابق امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔


اب تک پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں احتجاجی سرگرمی کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔


لانگ مارچ کے روٹ کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی 7 اکتوبر کو پشاور کے متنی سے خیبر کے لیے روانہ ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق قافلہ رات کا قیام خیبر کے علاقے باڑہ میں ڈیٹور روڈ پر اتوار بازار کے لیے مختص کھلے میدان میں کرے گا۔8 اکتوبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کا قافلہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق چارسدہ کی جانب روانہ ہوگا۔