Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ،3 دہشتگرد ہلاک

pak army (2)

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔


سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔


کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ  بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل اور مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الہند وستان کے دہشتگردوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے،سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔


دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت آواران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔


انہوں نے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت پرعزم ہیں۔  دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔