سومنات والی بھڑکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا،محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے۔ یہ جس سوچ پر جا رہے ہیں اس سے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان کریں گے، ان کے جو بھی سمجھدار سیاستدان ہیں وہ لانگ مارچ نہیں چاہتے، ایسا نہیں ہوگا کہ وہ لو گ آکر دس دن بیٹھ جائیں ایسا کچھ نہیں ہو گا ، ان سے نمٹنے کیلئے اس بار مستقل لائحہ عمل بنائیں گے۔ بار بار یہ چیزیں نہیں ہو سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ سومنات والی بھڑکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کیلئے آتے ہیں تو اس مرتبہ کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کے حوالے سے ان لوگوں کو بتانا ضروری نہیں ہے، اگر ان کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ ہے تو وہ کل رات بھی ہوا۔
تیل کی صورتحال کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی منڈی کی صورتحال کی وجہ سے ملک میں قیمتوں کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، گزشتہ روز بھی ہم نے بڑی مشکل سے اپنی شپ نکلوائی ہے، پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔
نئے صوبوں سے متعلق بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، میرے خیال سے صوبوں کی تحریک بہت تیزی سے چل رہی ہے،میں بہت پر امید ہوں ، اللہ تعالی نے چاہا اور عوام کی مرضی ہوئی تو صوبے ضرور بنیں گے۔
مزید پڑھیں





