عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی

کاروباری ہفتے کے پہلے روز مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 700 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 57 ہزار 536 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 315 روپے کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 92 ہزار 263 روپے مقرر ہوگئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 27 ڈالر کم ہوکر 4 ہزار 350 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
چاندی کی قیمتیں البتہ عالمی اور مقامی مارکیٹ میں مستحکم رہیں۔ عالمی سطح پر چاندی 66.22 ڈالر فی اونس جبکہ پاکستان میں 7 ہزار 100 روپے فی تولہ کی سطح پر برقرار رہی۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپے کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ عالمی اور مقامی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں، جس کے باعث ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کے درمیان شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
مزید پڑھیں





