Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تبصرہ کتب،اسلامی فتوحات کا تابناک دور،تبصرہ نگار : عبدالغفار مجاہد


اسلامی فتوحات کی روشن وتابناک داستان ، مستند تحقیق اور علمی بصیرت کی شاہکار، نقشوں اور نادر ونایاب تصاویر سے مزین کتاب



دارالسلام انٹر نیشنل کی شائع کردہ ، زیر تبصرہ کتاب ’’ اسلامی فتوحات کا تابناک دور ‘‘محض فتوحات اور جنگی معرکوں کی داستان ہی نہیں بلکہ ایمان کی حرارت، کردار کی پاکیزگی، قیادت کی بصیرت اور مسلمانوں کی عظمت کا ایک حسین اور روشن مرقع ہے ۔کتاب کا عنوان "اسلامی فتوحات کا تابناک دور" اپنی معنویت میں غیر معمولی کشش رکھتا ہے۔ لفظ "تابناک" خود اس حقیقت کی ترجمانی کرتا ہے کہ اسلام کی یہ فتوحات محض زمینوں کی وسعت کا نام نہیں بلکہ دلوں کی فتح، انسانیت کی رہنمائی اور تہذیب و تمدن کے فروغ کی ایسی روشن داستانیں ہیں جن کی کرنیں آج بھی عالمِ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

کتاب کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم العمری تاریخِ اسلام کے سنجیدہ اور صاحبِ نظر محقق ہیں۔ انہوں نے یہ کتاب عربی میں ’’ الفتوح الاسلامیہ عبر العصور ‘‘ کے نام سے پیش کی ہے جبکہ اس کتاب کا رواں، شستہ اور سلیس اردو ترجمہ شیخ الحدیث مولانا عطا ء اللہ ساجد نے کیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالعزیز واقعات کو صرف بیان ہی نہیں کرتے بلکہ ان کے اسباب، نتائج اور تہذیبی اثرات پر بھی روشنی ڈالتے ہیں، جس سے قاری کو اسلامی فتوحات کی حقیقی روح سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ ان کی تحریر علمی استناد اور تحقیقی پختگی کا حسین امتزاج ہے جو اس کتاب کو دیگر تصانیف سے ممتاز کرتا ہے۔ کتاب کا آغاز عہدِ نبوی ﷺ کے عسکری اقدامات اور ان کے مقاصد ونتائج سے ہوتا ہے، اس کے بعد خلافتِ راشدہ کے مبارک ادوار میں ہونے والی عظیم فتوحات کا بصیرت افروز تذکرہ کیا گیا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق، حضرت عمر فاروق، حضرت عثمان غنی اور حضرت علی رضی اللہ عنھم کے زمام خلافت میں اسلام کی تیز رفتار پیش قدمی کو تاریخی شواہد کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ بعد ازاں بنو امیہ اور بنو عباس کے ادوار میں اسلامی سلطنت کے پھیلائو ، اندلس ، شمالی افریقہ، مصر، شام، عراق، ایران، خراسان، ماورا النہر، سندھ، ترکستان اور دیگر اہم علاقوں میں اسلام کے نفوذ کو نہایت تحقیقی انداز میں قلم بند کیا گیا ہے۔ مختصرا یہ کتاب اسلامی تاریخ کے روشن ادوار کا ایک جامع، مستند اور نہایت قیمتی علمی سرمایہ ہے۔ اس میں تاریخی تحقیق ، واقعات کی ترتیب، جغرافیائی وضاحت، ادبی شائستگی اور علمی استدلال اس خوبی سے یکجا ہو گئے ہیں کہ قاری مطالعے کے دوران خود کو اسلامی تاریخ کے سنہری دور میں محسوس کرتا ہے۔کتاب میں شامل مختلف ممالک اور خطوں کے 221 دلکش قدیم وجدید نقشے چہار رنگ نقشے اس کی اہمیت کو مزید دوچند اور 212چہار رنگ تصاویر کتاب کے حسن کو دوبالا کر دیتی ہیں۔ یہ نقشے دارالسلام کے سنئیر ریسرچ سکالر ، ماہر تاریخ وجغرافیہ دان محسن فارانی کی علمی کاوش ہیں ۔ یہ نقشے صرف کتاب کی تزئین و آرائش کا حصہ ہی نہیں بلکہ علمی معاونت کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان کے ذریعے قاری اسلامی لشکروں کی پیش قدمی، مختلف سلطنتوں کی جغرافیائی وسعت ، اہم شہروں، سرحدوں اور تاریخی راستوں کو آسانی سے سمجھ سکتا ہے۔ جب شام، عراق، ایران، مصر، اندلس، شمالی افریقہ، سندھ، وسط ایشیا اور سندھ سے لے کر افریقہ واندلس اور وسطی یورپ تک کے علاقوں کا جغرافیہ مطالعے کے ساتھ سامنے ہو تو تاریخ ایک زندہ حقیقت بن کر ذہن میں نقش ہو جاتی ہے۔ یہی خصوصیت اس کتاب کو طلبہ، اساتذہ، محققین اور عام قارئین سب کے لیے یکساں مفید بنا دیتی ہے ۔دارالسلام انٹر نیشنل کے مینجگ ڈائریکٹر عبدالمالک مجاہد کے قلم سے تحریر کردہ عرضِ ناشر بھی اس کتاب کی فکری سمت کا آئینہ دار ہے، جس میں اس حقیقت کو اجاگر کیا گیا ہے کہ تاریخِ اسلام امت کی فکری شناخت اور تہذیبی وراثت کا اہم ترین سرمایہ ہے۔عبدالمالک مجاہد نے اس امر کی طرف بجا طور پر توجہ دلائی ہے کہ نئی نسل کو مستند، متوازن اور تحقیقی تاریخی لٹریچر فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ وہ اسلامی تاریخ کو افسانوی رنگ کے بجائے مستند علمی بنیادوں پر سمجھ سکے۔ طباعت کے اعتبار سے بھی یہ کتاب اپنی مثال آپ ہے۔ مضبوط جلد، دیدہ زیب سرورق، آرٹ پیپر پر طباعت ، واضح اور خوبصورت کمپوزنگ، مناسب عنوانات، منظم ابواب ا ورق پر تاریخی نقشے کے ساتھ قطب نما کی علامت نہایت بامعنی محسوس ہوتی ہے، گویا یہ کتاب تاریخ کے سفر میں قاری کی درست رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہی ہو۔ اس گراں قدر تصنیف کی اشاعت معروف عالمی ادارے دارالسلام نے کی ہے جو دینی، تاریخی اور تحقیقی کتب کی اشاعت میں اپنی مستند خدمات کے باعث عالمِ اسلام میں ایک معتبر مقام رکھتا ہے۔ دارالسلام نے ہمیشہ ایسی کتابوں کو شائع کیا ہے جو تحقیق، صحتِ معلومات، معیاری طباعت اور علمی وقار کا بہترین نمونہ ہوں، اور "اسلامی فتوحات کا تابناک دور" اسی درخشاں روایت کی ایک قابلِ فخر کڑی ہے۔بلاشبہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم العمری کی یہ وقیع تصنیف اور دارالسلام کی معیاری اشاعت اسلامی تاریخ سے شغف رکھنے والے ہر طالبِ علم، محقق، استاد اور ذوقِ مطالعہ رکھنے والے قاری کی لائبریری کا لازمی حصہ بننے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔4کلر آرٹ پیپرپر طبع شدہ اس کتاب کی قیمت 3500روپے ہے ۔ یہ کتاب دارالسلام انٹر نیشنل کے مرکزی شو روم ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال لاہور پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کے لیے درج ذیل فون نمبر 042-37324034پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL