Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سعودی عرب کی اپیل پر چین کا ایران سے حوثیوں کے حملے رکوانے کا مطالبہ


چین نے سعودی عرب کی جانب سے کی گئی اپیل کے بعد ایران پر زور دیا ہے کہ وہ حوثیوں کے حملے رکوانے میں مدد کرے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق معاملے سے باخبر تین ایرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے چین سے حوثیوں کے حملے رکوانے میں مدد کے لیے رابطہ کیا تھا، جس کے بعد چین نے ایران سے حوثیوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی۔ ذرائع کے مطابق حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر کے ساحل اور آبنائے باب المندب کے اردگرد تیزی سے پیش قدمی کے بعد سعودی عرب نے چین سے رابطہ کیا، کیونکہ حوثیوں کی ان کارروائیوں سے سعودی تیل کی برآمدات اور تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چین نے عوامی سطح پر تحمل، بات چیت اور تجارتی بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کی بحالی پر زور دیا ہے، تاہم بیجنگ چاہتا ہے کہ ایران حوثیوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ تنازع توانائی کی ان اہم تجارتی گزرگاہوں تک پھیلنے سے روکا جاسکے جن پر چین بھی انحصار کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں کہ چین کی جانب سے یہ پیغام ایران تک کس ذریعے سے پہنچایا گیا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے جواب دیا گیا کہ خطے میں استحکام اور امن کا انحصار ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے خاتمے پر ہے۔ رائٹرز کی جانب سے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کے جواب میں چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نہیں چاہتا کہ علاقائی کشیدگی مزید بڑھ کر یمن اور بحیرہ احمر تک پھیل جائے۔ وزارت خارجہ کے مطابق علاقائی عدم استحکام میں اضافہ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ اور سعودی حکومت کے میڈیا آفس سے بھی اس معاملے پر تبصرے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم دونوں جانب سے فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔