وزیراعلیٰ پنجاب سے ملتان کے اراکین اسمبلی کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جنہیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوٹ کرتے ہوئے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ضلع ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور جلالپور پیر والا اور نوراجہ بھٹہ فلڈ بند کی ریکارڈ مدت میں تعمیر پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان چناب پل بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا، جبکہ جیل منتقل کرکے عوامی پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے خانیوال روڈ کی توسیع اور ری ڈیزائننگ کا حکم بھی دیا۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے میدان میں باقی صوبے پیچھے رہ گئے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح لیڈ لے لی ہے۔ پنجاب ترقی کی سب سے بڑی مثال بن کر سامنے آیا ہے۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ مریم نواز شریف بہادر باپ کی جرات مند بیٹی ہیں اور انہوں نے امن و امان کے قیام کے لیے شاندار اقدامات کیے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، جبکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر کام کیے جا رہے ہیں۔ارکان اسمبلی کے مطابق سیلاب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف، سینئر وزیر اور دیگر وزراء مکمل بحالی تک عوام کے درمیان موجود رہے۔ قبضہ گروپوں کے خاتمے کے لیے بھی وزیراعلیٰ نے جرات مندانہ فیصلے کیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کا فوکس کوئی ایک شہر نہیں بلکہ پنجاب کے 40 اضلاع ہیں۔ گرین بس پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پہلے اور لاہور میں بعد میں آئی۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ آبادی کے تناسب سے ترقیاتی منصوبے کیے جا رہے ہیں۔مریم نواز شریف نے بتایا کہ کینسر کی کوابلیشن مشین میو ہسپتال لاہور کے بعد نشتر ہسپتال ملتان میں بھی نصب کردی گئی ہے۔ اس مشین کے ذریعے ملتان ہی نہیں بلکہ دیگر صوبوں کے کینسر کے مریض بھی بغیر سرجری علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی کو اپنے متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تک شامل رکھا جائے۔
مزید پڑھیں





