سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس وفات پا گئے

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے صاحبِ فراش اور شدید علیل تھے۔
حافظ محمد ادریس کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی، سیاسی اور تحریکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ سمیت جماعت اسلامی کے دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی حافظ محمد ادریس کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ رہنماؤں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
حافظ محمد ادریس جماعت اسلامی پاکستان کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی دینی دعوت، اقامتِ دین، سیاسی جدوجہد اور فکری و نظریاتی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر رہے، جبکہ مرکزی قیم (سیکرٹری جنرل) اور امیر جماعت اسلامی پنجاب سمیت مختلف اہم تنظیمی ذمہ داریاں بھی انجام دیتے رہے۔حافظ محمد ادریس ممتاز عالمِ دین، مقرر اور مصنف بھی تھے۔ انہوں نے دینی و علمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ محمد ادریس کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں





